اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موبائل فون سروس معطل


اسلام آباد: سیکیورٹی کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موبائل سروس معطل کردی گئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق سیکٹر جی 6 میں موبائل سروس رات تک مکمل طور پر معطل رہے گی جبکہ سیکٹر جی 7 کے کچھ علاقوں میں موبائل سروس جزوی معطل رہے گی۔

اسلام آباد میں 9 ویں محرم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ اثنا عشری جی 6/2 سے برآمد ہوگا جس کے لیے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز وقارالدین سید سیکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں گے۔

پولیس، رینجرز، ایف سی، اسپیشل برانچ، ٹریفک پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے 2200 افسران تعینات کیے گئے ہیں۔

جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا مرکزی امام بارگاہ اثناء عشری پر ہی رات 10 بجے اختتام پذیر ہوگا۔

اسی طرح پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع میں موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل ہے۔

پشاور صدر اور اندرون شہر میں موبائل فون سروس کی بندش جاری ہے۔

محکمہ داخلہ ذرائع کے مطابق حساس علاقوں میں سروس رات 10 بجے تک معطل رہے گی۔

پشاور کے علاوہ نوشہرہ، کوہاٹ، ہنگو، مردان، ایبٹ آباد، ہری پور میں بھی موبائل سروس جزوی طور معطل ہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ ضلع رحیم یار خان بھر میں بھی موبائل سروس مکمل طور پر بند کردی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 10 محرم الحرام رات 8 بجے کے بعد موبائل سروس شروع ہوگی۔

ادھر سندھ حکومت بھی اعلان کرچکی ہے کہ 9 اور 10 محرم کو صوبے میں موبائل فون سروس بند رہے گی تاہم ابھی تک اس پر عمل درآمد کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔

سروس کراچی، حیدرآباد، سکھر، شہید بے نظیرآباد اور لاڑکانہ میں معطل رہنے کا امکان ہے۔


متعلقہ خبریں