پولیس تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، وزیراعلیٰ پنجاب

پنجاب کے پاس گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پولیس کے رویوں میں بہتری لاکر تھانہ کلچر کو تبدیل کریں گے اور ملزمان پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بات لاہور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کہی اور پولیس نظام میں اصلاحات کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ نظام میں اصلاحات وقت کا اہم تقاضا ہے، پولیس کو سائل کے ساتھ خندہ پیشانی سے پیش آنا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ حوالات میں بند ملزموں سے ماورائے قانون کوئی اقدام برداشت نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کو عصرحاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سابق حکومتوں نے پولیس کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا، برسوں سے جاری فرسودہ نظام کو تبدیل کرکے پولیس کو عوام دوست بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت پولیس نظام کو بہتر بنانے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھا رہی ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ تھانہ کلچر میں تبدیلی کے لئے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے منفرد اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تھانوں میں کیمروں کے ذریعے حوالات اور تفتیشی عمل کی نگرانی کی جارہی ہے جبکہ جیل مینول کو بھی تبدیل کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کے اندر احتساب کے نظام کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے۔۔

اجلاس میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب، سیکرٹری قانون اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔


متعلقہ خبریں