افغانستان سے شکست خوردہ غیر ملکی عناصر نکل جائیں: ایران کا مشورہ

افغانستان سے شکست خوردہ غیر ملکی عناصر جائیں: ایران کا مشورہ

تہران: ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف نے امن مذاکرات کی معطلی پر سخت اظہار تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کے شکست خوردہ غیر ملکی اپنی ہار تسلیم کریں اور فی الفور نکل جائیں۔ انہوں نے زور دے کرکہا کہ افغانستان میں جاری برادر کشی کا جاری سلسلہ فوری طور پر ختم کیا جائے۔

ایرانی وزیرخارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے پیغام میں خبردار کیا ہے کہ غیر ملکی اور جارحیت پسند افغانستان کی موجودہ نئی صورتحال سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں جس کی وجہ سے قتل و غارت گری کی نئی لہر شروع ہوسکتی ہے۔

افغانستان سے امریکی افواج کا انخلا کب اور کیسے ہوگا؟ مائیک پومپیو نے بتادیا

جواد ظریف نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ ہم افغانستان کی خود مختاری کا احترام کرتے ہیں اور اس بات پر زور دیتے ہیں کہ امن عمل افغان عوام کی خواہشات اور توقعات کے مطابق ہونا چاہیے۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق ایرانی وزیرخارجہ نے کہا کہ شہریوں کا قتل عام روکنے اور معاہدے کے مقاصد حاصل کرنے کے لیے ایران افغانستان میں موجود تمام جنگی فریقین کے ساتھ مشاورت و بات چیت کے عمل کا حصہ بننے کے لیے تیار ہے۔

ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف نے زور دیا کہ تنازع کے تمام فریقین صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دو دن قبل اچانک افغان طالبان کے ساتھ جاری امن مذاکرات کو ختم کرنے کا اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں کیا تھا۔

امریکی صدر کی جانب سے کیے جانے والے اعلان کو سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے درست اور بروقت قرار دیا ہے۔

جنگ کسی کے مفاد میں نہیں، آرمی چیف کا جواد ظریف کو مشورہ

ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے امریکی سی آئی اے کے سابق ڈائریکٹر اور موجودہ سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو کے جاری کردہ بیانات کو بھی سخت نکتہ چینی کا نشانہ بناتے ہوئے ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک اور پیغام میں انہیں مخاطب کرتے ہوئے استفسار کیا ہے کہ سیکریٹری پومپیو! کیا تمہیں تہذیب و تمدن کے معنی معلوم ہیں؟

انہوں نے اپنے امریکی ہم منصب سے پوچھا ہے کہ پومپیو! کیا تمہیں معلوم ہے کہ متمدن کے معنی کیا ہیں؟ اور کیا شادی کی تقریب پر ڈرون طیاروں کی بمباری اور بے گناہ افراد کو لہو لہان کرنا آپ کی نظر میں متمدن ہونے کی علامت ہے؟


متعلقہ خبریں