آج شب برطانوی پارلیمنٹ معطل کر دی جائے گی

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کیخلاف عدم اعتماد پر ووٹنگ شروع

فائل فوٹو


برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے حکم کے مطابق آج شب پارلیمنٹ معطل کردی جائے گی اور اگلا اجلاس 14 اکتوبر کو ہوگا۔

مقامی میڈیا کے مطابق 14 اکتوبر کو پارلیمنٹ کے افتتاحی سیشن سے ملکہ برطانیہ خطاب کریں گی۔

حزب اختلاف وزیراعظم کے اس فیصلے پر شدید تنقید کر رہی ہے اور اسے جمہوریت پر حملے کے مترادف قرار دیا جارہا ہے۔

اسپیکر اسمبلی جون بیرکاؤ کا کہنا تھا کہ بورس جانسن کے اقدام کا مقصد پارلیمنٹ کو بریگزٹ منصوبے اور اس کی روشنی میں ملک کے راستے کی ذمے داریوں کو زیر بحث لانے سے روکنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو معطل کرنا جمہوری عمل اور عوام کے منتخب کردہ پارلیمانی نمائندگان کے حقوق کی خلاف ورزی ہوگی۔

لیبر پارٹی کے رہنما جیرمی کاربائن نے بورس جانسن کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمان کی معطلی ناقابل قبول ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزاعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی جائے گی اور انہیں عوام کے سامنے جواب دینا ہوگا۔

خیال رہے کہ 14 اکتوبر تک پارلیمنٹ معطل رہے گی جب کہ برطانیہ نے یورپی یونین سے علیحدگی کے لیے 30 اکتوبر تک قانون سازی کرنی ہے کیوں کہ  علیحدگی کی تاریخ 31 اکتوبر مقرر ہے۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس فیصلے سے ارکان پارلیمنٹ کے پاس اتنا وقت نہیں ہوگا کہ وہ یورپی یونین سے علیحدگی کے لیے قانون سازی کر سکیں۔


متعلقہ خبریں