’مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ہیومن رائٹس کمشنر کا بیان حوصلہ افزا ہے‘

’مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ہیومن رائٹس کمشنر کا بیان حوصلہ افزا ہے‘

فائل فوٹو


اسلام آباد: پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی کمشنر برائے انسانی حقوق مشائل بیچلٹ نے مقبوضہ جموں و کشمی کی صورتحال پر حوصلہ افزا بیان دیا ہے۔

عمران خان نے اپنے ٹوئٹ عالمی برادری کے ردعمل کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برداری کو کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر خاموش نہیں رہنا چاہیے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی اپنے رد عمل میں کہا کہ ہیومن رائٹس کونسل کے اجلاس سے قبل ہیومن رائٹس کمشنرکا بیان بہت حوصلہ افزا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہمشائل بیچلٹ کی جانب سےمقبوضہ کشمیر میں کرفیو، مواصلاتی اور دیگر پابندیوں کے خاتمے اور  کشمیری عوام کے سلب بنیادی حقوق کی بحالی کا مطالبہ ایک مثبت اقدام ہے۔

ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم عرصہ دراز سے جو کہتے آئے ہیں آج ہیومن رائٹس کونسل کے اجلاس کے آغاز میں اس کا اظہار ہوا ہے۔

آج مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن اور پابندیوں پر بات ہوئی، کرفیو ہٹائے اور ذرائع مواصلات پر عائد پابندیوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ جو بنیادی انسانی حقوق مقبوضہ جموں و کشمیر میں سلب کئے گئے ہیں ان کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا جو کہ انتہائی حوصلہ افزا ہے۔

وزیرخارجہ نے بتایا کہ اگلے دو یوم میں ہمیں ہیومن رائٹس کونسل، انسانی حقوق پر کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیموں اور این جی او ز کے ساتھ پاکستان اور کشمیر کا نکتہ نظر اجاگر کرنے کا موقع ملے گا۔

خیال رہے کہ ادارہ برائے انسانی حقوق کی کمشنر نے کشمیر میں بھارتی جارحیت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہاں عوام کو بنیادی سہولتوں اور علاج سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے۔

مشائل بیچلٹ کے مطابق بھارتی حکام کو متعدد پیغامات دئیے گئے ہیں کہ وہ کرفیو اور بے گناہ شہریوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ بند کریں۔


متعلقہ خبریں