عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد

2013 کے انتخابات میں فوج نے ریٹرننگ آفیسر کو گھیرا اور ٹھپے لگائے گئے، عمران خان

اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی چار مقدمات میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی ہے۔

عمران خان کے خلاف انسداد دہشت گردی عدالت میں چار مقدمات زیرسماعت ہیں۔ جن میں پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس اور سابق ایس اس پی اسلام آباد عصمت اللہ جونیجو پر تشدد کا کیس بھی شامل ہے۔

عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے گذشتہ روز عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی تھی۔

عمران خان نے درخواست میں عدالت سے نمائندے کے ذریعے ٹرائل کی استدعا کی اور مؤقف اختیار کیا کہ حاضری سے استثنیٰ دینا عدالت کا اختیار ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ سپریم کورٹ کے واضح احکامات ہیں کہ ٹھوس وجوہات پر استثنیٰ مل سکتا ہے۔ اہم تاریخوں پر درخواست گزار عدالتی حکم پر پیش ہونے کو تیار ہے۔

جمعہ کو عدالت نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ عمران خان کو 26 فروری کو طلب کررکھا ہے اور اسی روز ہی اس درخواست پر کارروائی کی جائے گی۔

عمران خان اپنے خلاف درج چاروں مقدمات میں ضمانت پر ہیں جب کہ وہ ان مقدمات میں پولیس کو اپنے بیانات ریکارڈ کراچکے ہیں۔


متعلقہ خبریں