’نوازشریف ڈیل نہیں کریں گے‘



اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ کے سینیٹر پرویزرشید نے کہا کہ نوازشریف کسی صورت ڈیل نہیں کریں گے اور انصاف کا دوہرا معیار ہونے کے باوجود عدالت سے رہا ہوں گے۔

ہم نیوز کے پروگرام’ندیم ملک لائیو‘ میں بات کرتے ہوئے ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے نوازشریف اغوا برائے تاوان والوں کے پاس ہیں۔

پرویز رشید نے کہا کہ ڈیل کی بحث کرنے والے خود نہیں جانتے کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں اور بات طے ہے کہ ن لیگ کبھی بھی ڈیل کی صورت میں اپنی قیادت کی رہائی نہیں چاہتی۔

پرویزرشید کے مطابق نوازشریف کو لندن میں پیغام ملے تھے کہ وہ واپس نہ آئیں اور سیاست سے کنارہ کشی کر لیں لیکن ن لیگی قائد نے ایسا نہیں کیا۔

کیا اپوزیشن تقسیم ہے؟ اس سوال کے جواب میں ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ سینٹ انتخاب میں 14 لوگوں نے اپنا ضمیر بیچا جو افسوسناک ہے لیکن اپوزیشن جماعتیں متفق ہیں۔

کیا ن لیگ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مارچ کرے گی؟ اس کے جواب میں پرویز رشید نے کہا کہ حزب اختلاف کی تمام جماعتیں اپنا اپنا حصہ ڈالیں گی۔

انہوں نے کہ عمران خان نئے انتخابات کے لیے راہ ہموار کریں یا مولانا فضل الرحمان کے ساتھ آنے والے بھونچال کا سامنا کرے۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے ڈیل کے متعلق لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سب کو عدالتوں پر اعتماد ہونا چاہیے۔

نیب قوانین کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے اپوزیشن پر کوئی کیس نہیں بنایا، ہم نے تو عدلیہ اور احتساب کے اداروں کو صرف  آزاد کیا ہے۔

انسانی حقوق کی کمشنر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ 80 لاکھ لوگوں کے مستقبل کا مسئلہ  ہے اور بھارتی اقدامات سے  وہاں آزادی کی جنگ مزید تیز ہوگی۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا میں اجاگر کیا ہے۔ پاکستان اس خطے میں امن چاہتا ہے اور دنیا کو باور کرادیا ہے کہ مودی اس خطے میں خطرہ ہیں۔


متعلقہ خبریں