یوم عاشور کے جلوس اختتام پذیر

یوم عاشور کے جلوس اختتام پذیر

اسلام آباد: دنیا کے دیگر ممالک کی طرح ملک بھر میں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے نواسے حضرت امام حسین ؓ اور ان کے ساتھیوں کی عظیم قربانیوں کی یاد میں یوم عاشور کے موقع پر مختلف شہروں سے جلوس نکالے گئے۔

یوم عاشور کے موقع پر علمائے کرام، ذاکرین، مشائخ عظام اور مفتیان کرام نواسہ رسولﷺ حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں کی لازوال قربانیوں اور فلسفہ شہادت پہ روشنی ڈالی۔

ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس اختتام پذیر

مختلف شہروں سے یوم عاشور کے موقع پر شبیہ ذوالجناح اور شبیہ علم کے جلوس برآمد  ہوئے۔ لوگوں کی بڑی تعداد نے نواسہ رسولﷺ اور ان کے ساتھیوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ہم نیوز کے مطابق ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں شہر کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوکر امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوا۔

راولپنڈی میں مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین، امام بارگاہ کرنل مقبول اور ٹائروں والی امام بارگاہ سے برآمد ہوکر اور اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہوئے۔

لاہور میں دس محرم الحرام کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہوا جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کرختم ہوا۔

ہم نیوز کے مطابق پشاور میں یوم عاشور کے 12 جلوس برآمد ہوئے۔ کوئٹہ میں عاشورہ کا مرکزی جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا مومن آباد امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوا۔

ہم نیوز کے مطابق ملتان، پارا چنار، ٹوبہ ٹیک سنگھ، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان، استور، مظفر گڑھ، ڈیرہ غازی خان، میرپور خاص، لاڑکانہ، سبی، مظفرآباد اور اسکردو سمیت دیگر شہروں، قصبوں اور دیہاتوں سے بھی یوم عاشور کے چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوئے۔

ملک کے مختلف شہروں میں جلوسوں کے اختتام پر امام بارگاہوں میں شام غریباں منائی گئی جن میں ذاکرین واقعہ کربلا اور فلسفہ شہادت بیان کیا۔

کشمیر: کرفیو کا 36 واں دنِ، عزاداران حسین اور بھارتی فورسز میں جھڑپیں

وفاقی و صوبائی حکومتوں کی ہدایت پر شہری انتظامیہ نے یوم عاشور کی جلوسوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کےلیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے۔

اس موقع پر رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تمام راستوں پہ متعین رہی  اور جلوسوں کی نگرانی ہیلی کاپٹروں کی مدد سے کی گئی۔

ملک کے مختلف چھوٹے برے شہروں میں موبائل فون سروسز معطل رہی جب کہ بڑے شہروں میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پہ بھی پابندی عائد تھی۔


متعلقہ خبریں