’پاکستان گئے تو خود کو آئی پی ایل سے فارغ سمجھیں‘


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ انڈین کرکٹ کے کرتا دھرتاؤں نے سری لنکن کرکٹرز کو دھمکی دی کہ اگر وہ پاکستان کے دورے پر گئے تو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے خود کو فارغ سمجھیں۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ یہ اطلاع انہیں معروف بھارتی اسپورٹس کمنٹیٹرز نے دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خلاء سے لے کر کرکٹ تک ہر معاملے میں نفرت انگیزی انتہائی جاہلانہ ہے۔

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹکنالوجی کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی اسپورٹس حکام کو شرم آنی چاہئے اگر ہے۔

گزشتہ روز یہ خبر منظر عام پر آئی تھی کہ سری لنکا کے 10 کے قریب کھلاڑیوں نے پاکستان آنے سے انکار کردیا ہے۔

جنہوں نے تحفظات کا اظہار کیا ان میں لاسیت مالنگا، ڈیکویلا، دھنن جیا، تھیسارا پیریرا، اکیلہ دھنن جیاء، اینجیلو میتھیوز۔ دینش چندی مل،  کپتان دیموت کارناراتنے اور سورنگا لکمل شامل ہیں۔

سری لنکن بورڈ کے چیف سیلکٹراسانتھا ڈی میل کے مطابق انتظامیہ نے تمام کھلاڑیوں کو دورہ پاکستان کے لیے فیصلہ کرنے کی پوری چھوٹ دی ہے

ترجمان سری لنکن بورڈ کے مطانق کئی سینئیر کھلاڑیوں کے انکار کے بعد سیلکٹرز نے ٹی20 اور ون ڈے کے لیے اسکواڈ فائنل کرلیا۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیم میں شامل تمام کھلاڑیوں کے نام منظوری کے لیے وزیر کھیل ہرین فرنینڈو کو بھیج دیے گئے۔

پاک سری لنکا سیریز کا شیڈول

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ون ڈے اور تین ٹی20 میچیز کھیلے جائیں گے۔ سیریز 27 ستمبر سے کراچی میں شروع ہو گی جہاں تین ایک روزہ میچ کھیلے جائیں گے۔

سیریز کا پہلا میچ 27 ستمبر بروز جمعہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں مقامی وقت کے مطابق دن 10 بجے شروع ہوگا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ایک روزہ میچ 29 ستمبر بروز اتور جبکہ تیسرا میچ 3 اکتوبر بروز جمعرات نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوں گے۔

دونوں ٹیمیوں کے درمیان تین ٹی 20 میچ بھی ہوں گے جن کا انعقاد لاہور میں کیا جائے گا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پانچ اکتوبر کو پہلا ٹی 20 میچ ہوگا جب کہ دوسرا اور تیسرا ٹی20 میچ اسی اسٹیڈیم میں بالترتیب 7 اور 9 اکتوبر کو ہوں گے۔


متعلقہ خبریں