سونا خریدنا بیچنا، شناختی کارڈ کے بغیر ہوگا ناممکن؟ کالا دھن سامنے لانا ہوگا

پاکستان کی کوششیں رنگ لے آئیں: فیٹف کے دیئے گئے اہداف مکمل

اسلام آباد: حکومت پاکستان نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ کالعدم تنظیموں کی سونے اور زیورات تک رسائی 100 فیصد روک دی گئی ہے۔ یہ یقین دہانی پاکستان اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے ایشیا پیسفک گروپ کے درمیان بنکاک میں ہونے والے مذاکرات میں کرائی گئی۔ مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت وفاقی وزیر حماد اظہر کررہے ہیں۔

ہم نیوز نے  ذمہ دار ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ بات چیت کے دوران اس بات پراصرار کیا گیا کہ پراپرٹی میں چھپے کالے دھن کی مکمل روک تھام کا روڈ میپ دینا ہوگا۔

ذرائع کے مطابق دوران مذاکرات اس امر پر گفتگو ہوئی کہ سونے کی خرید و فروخت کے لیے شناختی کارڈ نمبر کی فراہمی لازمی قرار دی جائے اور سونے کے کاروبار کو بھی رجسٹرڈ کیا جائے۔

پاکستان، ایف اے ٹی ایف کے درمیان پہلے دن کے مذاکرات ختم

ہم نیوز کے مطابق بات چیت میں ایف اے ٹی ایف کی جانب سے پوچھے جانے والے 125 اضافی سوالات کے جو جوابات پاکستان کی جانب سے فراہم کیے گئے ہیں، ان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

پاکستانی وفد نے مذاکرات میں اپریل سے اگست تک کے درمیانی عرصے میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا اور کالعدم تنظیموں کی سرگرمیاں روکنے اور ان کے اثاثے منجمد کرنے پر بریفنگ دی۔

ایف اے ٹی ایف حکام کے سامنے منی لانڈرنگ کی حوصلہ شکنی کرنے اور دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ پیش کیا گیا جب کہ پاکستان کسٹم کے حکام نے کرنسی کی غیر قانونی ترسیل پر قابو پانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

ہم نیوز کے مطابق پاکستانی وفد میں کسٹم، فنانشل مانیٹرنگ یونٹ، وزارت داخلہ، وزارت خارجہ، نیکٹا، ایف بی آر، ایف آئی اے، وزارت خزانہ، اسٹیٹ بینک اور ایس ای سی پی کے نمائندے شامل ہیں۔

پاکستان اور ایف اے ٹی ایف کے درمیان بنکاک میں جاری مذاکرات کا باضابطہ دور آج (بروز منگل) اختتام پذیر ہوجائے گا۔ گیارہ ستمبر کو ایف اے ٹی ایف پاکستان سے متعلق اپنی رپورٹ پیش کرے گا۔

ہم نیوز کے مطابق پاکستان کو مزید اقدامات کرنے ہیں یا نہیں ؟ یہ فیصلہ ایف اے ٹی ایف کل بروز بدھ کو کرے گا۔ ذرائع کے مطابق ضرورت پڑنے پرایف اے ٹی ایف حکام پاکستانی وفد کو دوبارہ بھی  طلب کرسکتے ہیں۔

ذمہ دار ذرائع نے اس ضمن میں ہم نیوز کو بتایا ہے کہ آج منعقد ہونے والے اجلاس میں منی لانڈرنگ اور دہشت گردی مقدمات میں ضبط اثاثوں کے انتظامات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ اس دوران ایف اے ٹی ایف حکام کو کالعدم تنظیموں کی رقوم اکٹھی کرنے اور اس کے استعمال سے روکنے پر بھی بریفنگ دی گئی ہے۔

دہشت گردوں کے معاونین کے خلاف کارروائی تیز، ایف اے ٹی ایف میں رپورٹ پیش

ہم نیوز کے مطابق آج منعقدہ مذاکرات کے پہلے سیشن کو گیارہ بجے اختتام پذیر ہونا تھا لیکن اہم موضوعات پر تبادلہ خیال مکمل نہ ہوسکنے کی وجہ سے مقررہ وقت میں توسیع کردی گئی۔

ایف اے ٹی ایف حکام سے ہونے والے مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت کرنے والے پاکستان تحریک انصا ف کے وفاقی وزیر حماد اظہر نے گزشتہ روز رابطہ کرکے وزیراعظم عمران خان کو ہونے والے مذاکرات کی تفصیلات بتائی تھیں۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم کے استفسار پر وفاقی وزیرنے بتایا تھا کہ ایف اے ٹی ایف حکام نے پاکستانی وفد سے کون کون سے سوالات پوچھے اور ان کے کیا جوابات دیے گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں