پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما تاج حیدر کے گھر چوری کی واردات


کراچی:پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما تاج حیدر کے گھر چوری کی واردات ہوئی ہے، نامعلوم چور  تالے توڑ کر گھر میں موجود نقدی اور زیورات لے اڑے۔ 

ذرائع کا کہناہے کہ تاج حیدر  کے گھرچوری کی واردات اس وقت ہوئی جب وہاں کوئی موجود نہیں تھا۔

واضح رہے کہ تاج حیدر کے گھر ایک ماہ میں دوسری بار چوری کی واردات  ہوئی ہے۔

کراچی میں چوری اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہورہاہے مگر قانون نافذ کرنے والے ادارے شہر قائد میں لاقانونیت اور جرائم پر قابو پانے میں تاحال ناکام دکھائی دیتے ہیں۔

یاد رہے سندھ حکومت نے گزشتہ سال گیارہ دسمبر کو فیصلہ کیا تھا کہ واردات کے دوران اسلحہ استعمال کرنے والے اسٹریٹ کرمنلز پر دہشت گردی کی دفعات لگیں گی، خصوصی مجسٹریٹ کیسزسنیں گے، موٹرسائیکلوں میں ٹریکرز لگائےجائیں گے اور موٹرسائیکل و موبائل کی خرید و فروخت کی رجسٹریشن ہوگی۔

حکومت سندھ نے اس ضمن میں قانونی ترمیم کرنے کا فیصلہ بھی کرلیا تھا تاہم تاحال اس ضمن میں تاحال پیشرفت نہیں ہوسکی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق یہ فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت منعقدہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس میں  اس وقت کے ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید اور آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے شرکاء کو امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی تھی ۔

یہ بھی پڑھیے: کراچی، اسٹریٹ کرمنلز پر دہشت گردی کی دفعات لگانے کا فیصلہ


متعلقہ خبریں