وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا لاہور شہر کا فضائی دورہ


لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے آج یوم عاشور کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے لاہور شہر کا فضائی دورہ کیاہے۔ 

صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت اور انسپکٹر جنرل (آئی جی )پولیس کیپٹن ریٹائرڈ محمد عارف  بھی وزیر اعلی پنجاب کے ہمراہ تھے۔

وزیر اعلی پنجاب  نے پاک آرمی کے ہیلی کاپٹر میں شہر کے مختلف علاقوں میں یوم عاشور پر کئے گئے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ پنجاب کی اعلی قیادت  نے جلوسوں کے روٹس اور پولیس کے انتظامات کامعائنہ کیا۔

وزیر اعلی سردار عثمان احمد خان بزدار  نے اندرون شہر، کربلا گامے شاہ، انارکلی، اسلام پورہ، ٹھوکر نیاز بیگ اور دیگر علاقوں کا فضائی جائزہ لیا اور اس موقع پر سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہارکیا۔

وزیر اعلی پنجاب نےقانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ حکام کو  سیکیورٹی انتظامات کی مسلسل نگرانی کی ہدایت  بھی کی ۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یوم عاشور پر پنجاب حکومت نے امن و امان برقرار رکھنے کے لئے بہترین انتظامات کئے ہیں، پولیس اور انتظامیہ وضع کردہ سیکورٹی پلان پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنائیں۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کیلئے پوری فورس چوکس ہے۔ یوم عاشور پر جلوسوں اور مجالس کی نگرانی کے لئے جدید نظام وضع کیا گیا ہے۔ ہیلی کاپٹروں کی مدد سے فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ انشاء اللہ پنجاب حکومت کے اقدامات سے یوم عاشور پرامن رہے گا۔

یہ بھی پڑھیے: ’  کشمیری عوام نے وادی کو کربلا کی طرح معرکہ حق وباطل کی عظیم مثال بنا دیا ‘


متعلقہ خبریں