دورہ پاکستان پر نہ آنے والے کھلاڑی سی پی ایل نہیں کھیلیں گے، بورڈ کا اعلان

پاکستان کا دورہ نہ کرنیوالے کھلاڑیوں کے خلاف سری لنکن بورڈ کا بڑا قدم

کولمبو: سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پاکستان کا دورہ نہ کرنیوالے کھلاڑیوں کو ویسٹ انڈیز میں کریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) کیلئے این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے سی ای او ایشلے ڈی سلوا نے کہا ہے کہ نیشنل ٹیم کیلئے منتخب کھلاڑی کو ٹور سے انکار پر این او سی جاری نہ کرنا بورڈ کی پالیسی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ٹور کے دوران لیگر میچز کیلئے کھلاڑیوں کو این او سی جاری نہیں کئے جاتے، ڈک ویلا اور تھیسارا پریرا نیشنل ٹیم کے ساتھ ٹریننگ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایسٹر دھماکوں کے فوری بعد اپنی ٹیم سری لنکا بھیجی، ہمیں بھی اپنے ہمسائے بورڈز کا خیال رکھنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ چند کھلاڑیوں کا دورہ نہ کرنا سمجھ میں آتا ہے،موجودہ کھلاڑی لکمل 2009 میں پاکستان کا دورہ کرنیوالی ٹیم میں شامل تھے، ہم کسی کی زندگی خطرے میں نہیں ڈال سکتے، مگر ہمیں اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہئے، پاکستان میں سیکیورٹی کی صورت حال اب بہتر ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ این او سی جاری کرنے کا مقصد کسی کھلاڑی کو نشانہ بنانا نہیں، تاہم پلیئرز کو زمہ داری پوری کرنی چاہئے۔

واضح رہے سری لنکن ٹیم کے کپتان سمیت 10 سینئر کھلاڑیوں نے گزشتہ روز دورہ پاکستان سے انکار کیا تھا۔

سری لنکا کی ٹیم ون ڈی اور ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے 27 ستمبر کو پاکستان پہنچے گی۔


متعلقہ خبریں