سینیٹ الیکشن کیلئے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری


اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے چاروں صوبوں سے سینیٹ کی 52 نشستوں پرامیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی ہے۔

چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہونے والی پولنگ میں سندھ اور پنجاب سے 12، 12 جب کے خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے 11،11 امیدواروں کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

ای سی پی کی جاری کردہ لسٹ میں جنرل نشستوں اور ٹیکنوکریٹس سمیت خواتین کی مخصوص نشستوں پرامیدواروں کے نام  شامل کیے گئے ہیں۔

فہرست کے مطابق سندھ میں مجموعی طور پر 33 امیدوارالیکشن میں حصہ لیں گے۔ان میں سے 12 کا تعلق پاکستان پیپلزپارٹی، 14 کا متحدہ قومی موومنٹ پاکستان، چار پاک سرزمین پارٹی سے، ایک پاکستان تحریک انصاف، ایک مسلم لیگ ن کا حمایت یافتہ اور ایک امیدوار مسلم لیگ فنکشنل سے ہے۔

پنجاب میں سینیٹ کی 12 نشستوں پر 20 امیدوارمد مقابل ہوں گے۔ سات جنرل نشستوں پرمسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ ڈاکٹرآصف کرمانی، رانا مقبول، رانا محمود الحسن، شاہین خالد بٹ، زبیر گل، ہارون اختر خان اورمصدق ملک شامل ہیں۔ جب کے پیپلزپارٹی کے شہزاد علی خان پی ٹی آئی کے چوہدری سرور، مسلم لیگ ق کے کامل علی آغا کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

ٹیکنوکریٹ کی دونشستوں پرمسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ اسحاق ڈار، نصیر احمد بھٹہ اور دوسرے مد مقابل ہوں گے ۔ خواتین کی دو سیٹوں پرمسلم لیگ ن کی حمایت یافتہ نزہت صادق اورسعدیہ عباسی جب کہ پی ٹی آئی کی عندلیب عباس امیدوار ہیں۔

خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی گیارہ نشستوں کے لئے 27 امیدوارمد مقابل ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق پشاورمیں سات جنرل نشستوں کے لئے 14 امیدواروں میں مقابلہ ہوگا۔ جن میں مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ  پیرصابرشاہ، جماعت اسلامی کے مشتاق احمد خان، پیپلزپارٹی کے فیصل سخی بٹ جب کہ آزاد امیدوارعلی افضل خان جدون شامل ہیں۔

ٹیکنوکریٹ کی دو نشستوں کے لئے پانچ امیدوار میدان میں ہیں۔ جن میں اعظم سواتی، مسلم لیگ ن کے دلاور خان جب کے آزاد امیدوارمولانا سمیع الحق اور نثار خان شامل ہیں۔ خواتین کی دو نشستوں کے لئے آٹھ امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

حتمی فہرست کے مطابق  بلوچستان  سے 25 امیدوار سینیٹ انتخابات میں حصہ لیں گے۔ اسلام آباد اور فاٹا  کےامیدواروں  کے کاغذات نامزدگی  کی  حتمی فہرست کل  جاری کی جائےگی۔

ملک بھر میں سینیٹ کی 52 نشستوں پر پولنگ تین مارچ 2018 کو ہوگی۔


متعلقہ خبریں