صلاح الدین کے والد نے بیٹے کی قبر کشائی کے لئے درخواست دائر کردی

صلاح الدین کیس، ڈی پی او رحیم یار خان معطل

فوٹو: فائل


کامونکی:  پولیس کے مبینہ تشدد سے ہلاک ہونے والے صلاح الدین کے والد نےاپنے بیٹے کے پہلے ہونے والے پوسٹمارٹم پرعدم اعتماد کا اظہارکرتے ہوئےجوڈیشنل مجسٹریٹ رحیم یارخان کو درخواست دائر کر دی ہے جس میں  قبر کشائی کی استدعا کی گئی ہے۔ 

رحیم یار خان پولیس کے تشدد کا نشانہ بننے والے صلاح الدین کے والد نےاپنی درخواست میں استدعا کی ہے کہ  صوبائی میڈیکل بورڈ  اسکے بیٹے کی  نعش پر تشدد کے نشانات دوبارہ  نوٹ کرکے اپنی رپورٹ دے۔

درخواست گزار محمد افضال نے اپنی درخواست میں کہاہے کہ پوسٹمارٹم کے وقت اس کے بیٹے کے جسم پر لگنے والی  چوٹوں کی دانستہ  نشاندہی نہیں کی گئی ۔ 

درخواست اسامہ گھمن ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ صلاح الدین کے والد محمد افضال نے سات ستمبر کو وزیراعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار سے ملاقات بھی کی تھی۔

اس موقع پر محمد افضال کا کہنا تھا  کہ محکمہ پولیس میں اصلاحات ناگزیر ہیں وہ صلاح الدین جیسے تمام معصوم اور بے گناہوں کو بچانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے وزیر اعلی پنجاب سے مطالبہ کیا کہ صلاح الدین کی قبرکشائی کی جائے تاکہ دوبارہ پوسٹ مارٹم کرکے حقائق سامنے لائے جاسکیں۔

اس کے علاوہ انہوں نے بیٹے کے قتل میں ملوث ایس پی حبیب کو معطل کرنے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔

وزیر اعلی پنجاب نے صلاح الدین کے والد کو شفاف عدالتی تحقیقات کروانے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

واضح رہے کہ پولیس نے صلاح الدین کو اے ٹی ایم توڑنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا جو 31 اگست کی شب پولیس حراست میں دم توڑ گیا۔ صلاح الدین کے جسم پر تشدد ثابت ہونے کے بعد ایس ایچ او، تفتیشی افسر اور اے ایس آئی سمیت دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔

ڈی پی او رحیم یار خان نے واقعہ کی تحقیقات کے لیے ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں ٹیم بھی تشکیل دی تھی۔

ابتدا میں پولیس صلاح الدین پر تشدد کے الزام کو مسترد کرتی رہی بعد ازاں پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد آر پی او بہاولپور نے بیان دیا کہ مقتول کے جسم پر تشدد کے کچھ نشانات پائے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں صلاح الدین کی ہلاکت: ملزمان کا صحت جرم سے انکار، عبوری ضمانت منظور

واقعے پر وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب نے نوٹس لیا تھا۔ مقدمہ میں گرفتار تینوں پولیس افسران نے عدالت سے 13 ستمبر تک عبوری ضمانت حاصل کررکھی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:  صلاح الدین کے والد نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے سامنے آٹھ مطالبات رکھ دیئے


متعلقہ خبریں