پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے احد چیمہ کی گرفتاری کا خیر مقدم


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے سابق ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) احد چیمہ کی گرفتاری کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی ترجمان فواد چوہدری نے ایک بیان میں ڈی جی نیب کے خلاف پنجاب حکومت کی انتقامی کاروائی کی مذمت کی ہے۔  اںہوں نے کہا کہ ڈی جی نیب کو دھمکیاں ملنا انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ احد چیمہ چوری میں معاونت کرنے والے بیوروکریٹس میں سے ایک ہیں، ان جیسے افسران سرکاری وسائل پر ڈاکہ زنی کی وارداتیں کرتے ہیں۔

تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات نے بیان میں کہا کہ ان درباری افسروں کو بچانے کیلئے نیب پر دباؤ ڈالا جارہا ہے۔ صرف ایک واردات میں 14 ارب کا ٹھیکہ خواجہ آصف کی کمپنی کو دیا گیا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ لاہور کا ڈی سی او محمد عثمان بھی فراڈیوں کے اس ٹولے کا حصہ ہے۔ ان تمام بددیانت افسروں کے مافیا کا سرغنہ فواد حسن فواد ہے۔

انصافی رہنما نے کہا کہ نیب کے اقدام سے جسے تکلیف ہے وہ قومی خزانے میں 14 ارب جمع کروائے۔ اس کے بعد بحث ہوگی کہ بددیانت افسروں کے اس مافیا کے خلاف کس سطح کی کارروائی ہونی چاہئیے۔

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ ڈی جی نیب کے خلاف پنجاب حکومت کی انتقامی کاروائی  قابل مذمت ہے۔ انصاف کی راہ میں روڑے اٹکانے والوں کےخلاف بھی کارروائی ہونی چاہئیے۔

فواد چوہدری نے مطالبہ کیا کہ سعد رفیق اور فواد حسن فواد کے نام ای سی ایل میں شامل کیے جانے چاہئیں۔


متعلقہ خبریں