‘بامشرف’ کرنے والی نیب اب لوگوں کو ‘بے نواز’ کر رہی ہے، احسن اقبال


لاہور: وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ نیشنل اکاؤنٹیبلٹی بیورو (نیب) پہلے لوگوں کو بامشرف کرتی تھی ،اب بے نواز کررہی ہے۔

لاہور میں ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اور انتظامیہ پر سرجیکل اسٹرائیکس کی جارہی ہیں۔

انھوں نے دعوی کیا کہ عدلیہ کے فیصلے نواز شریف کو دلوں سے نہیں نکال سکتے۔

سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلوں کے بعد پیدا ہونے والی تنظیمی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی کے نئے صدر کے نام کا اعلان سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی( سی ای سی) میں ہوگا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ لوگوں کو بے نواز کرنے والی نیب بھی اپنا کام صحیح انداز میں نہیں کررہی جو افسوسناک ہے۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ دشمن چاہتے ہیں کہ پاکستان میں امن نہ ہوی جب کہ ہم قیام امن کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اداروں کی محاذ آرائی بھی نہیں چاہتے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے خبردار کیا کہ پاکستان دشمن قوتیں متحد ہو چکی ہیں۔

اداروں سے ان کی استعداد کام سے زیادہ کام لینے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گاڑی سے ٹینک کا کام لیا جائے تو وہ ٹوٹ جائے گی۔


متعلقہ خبریں