موبائل انٹرنیٹ کی رفتار: پاکستان نے بھارت کو پچھاڑ دیا


اسلام آباد: پاکستان نے جولائی کے مہینے میں موبائل انٹرنیٹ کی رفتار میں اپنے پڑوسی ملک بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

اوکلا کے اسپیڈ ٹیسٹ گلوبل انڈیکس کے تازہ ترین ایڈیشن کے مطابق پاکستان نے موبائل انٹرنیٹ کی رفتار کے حوالے سے جاری کی گئی درجہ بندی میں 116ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ یہ پوزیشن پاکستان کو ڈاؤن لوڈنگ کی اوسط رفتار 13.55 میگابٹس فی سیکنڈ ہونے پر ملی ہے۔

بھارت اس درجہ بندی میں پاکستان سے کہیں پیچھے 130ویں پوزیشن پر ہے اور اسکی ڈاؤن لوڈنگ کی اوسط رفتار 10.63 میگابٹس فی سیکنڈ پائی گئی۔

اوکلا کی درجہ بندی کے مطابق پاکستان میں اپ لوڈنگ کی اوسط رفتار 9.93 میگابٹس فی سیکنڈ ریکارڈ کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ دونوں ممالک درجہ بندی میں تنزلی کا شکار ہوئے ہیں۔ پاکستان دو درجے جبکہ بھارت چار درجے نیچے آیا ہے۔

موبائل انٹرنیٹ کی رفتار کے حوالے سے جنوبی کوریا 97.44 میگا بیٹس فی سیکنڈ کی رفتار کے ساتھ سرفہرست ہے، آسٹریلیا 63.34 میگابٹس فی سیکنڈ کی رفتار کے ساتھ دوسرے جبکہ قطر 61.72 میگا بٹس فی سیکنڈ کی رفتار کے ساتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔

61.24 کی رفتار کے ساتھ متحدہ عرب امارات کا چوتھا اور ناروے کا 60.90 میگا بٹس فی سیکنڈ رفتار کے باعث پانچواں نمبر ہے۔

اوکلا کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں کینیڈا کا چھٹا، نیدرلینڈز کا ساتواں، سوئٹزرلینڈ کا آٹھواں، سنگاپور اور مالٹا کا بالترتیب نواں اور دسواں نمبر ہے۔


متعلقہ خبریں