پنجاب حکومت کا ’والڈ سٹی اتھارٹی‘ کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ


لاہور: پنجاب حکومت نے ’والڈ سٹی اتھارٹی‘ کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کیلئے مسودہ قانون  بھی تیارکر لیا گیا ہے۔ اتھارٹی کا نیا نام ’والڈ سیٹیز اینڈہریٹیج ایریا اتھارٹی پنجاب ‘تجویز کیا گیا ہے۔

یہ فیصلہ آج چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر کی زیر صدار ت سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے اجلاس  میں کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں دی گئی بریفنگ میں کہا گیاہے کہ ’والڈ سیٹیز اینڈہریٹیج ایریا اتھارٹی پنجاب ‘ کے دائرہ کار میں ابتدائی طور پر ملتان اور بھیرہ کو شامل کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان  بزدار نے والڈ سٹی اتھارٹی کا دائرہ کار پنجاب کے دیگرشہروں تک بڑھانے کا حکم دیا تھا۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے اس موقع پر کہا کہ تاریخی عمارات کو انکی اصل شکل میں بحال کرنے سے سیاحت کو فروغ ملے گا ، انہوں نے کہا تاریخی ورثہ قومی اثا ثہ ہے، اسکا تحفظ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی )والڈ سٹی اتھارٹی  کامران لاشاری نے کہا کہ والڈ سٹی اتھارٹی کے کام کو عا لمی سطح پر بھی پذیرائی ملی ہے۔یونیسکو نے تاریخی عمارات اور مقامات کے تحفظ کیلئے والڈ سٹی کے کام کو سراہا ہے۔

اجلاس میں محکمہ قانون، اوقاف، آرکیالوجی کے سیکرٹریز، آغا خان ٹرسٹ فار کلچر کے نمائندہ راشد مخدوم اور متعلقہ افسران  نے شرکت کی اور اپنی اپنی تجاویز بھی پیش کیں ۔

یہ بھی پڑھیے: وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے


متعلقہ خبریں