مقتولہ ایم پی اے کی چند گھنٹے قبل ریکارڈ کی گئی وڈیو منظر عام پر آگئی


لاہورکے علاقہ نصیر آباد میں سابقہ ایم پی اے پروین سکندر گل کے قتل کیس میں اہم موڑ سامنے آیاہے، مقتولہ کی قتل سے چند گھنٹے قبل ریکارڈ کی گئی ویڈیو منظر عام پر آگئی  ہے۔ 

ویڈیو میں پروین سکندر گل نے اہم رازوں سے پردہ پردہ اٹھاتے ہوئے گھر میں ہونے والی وارداتوں سے متعلق اہم انکشافات کئے ہیں۔

سابقہ ایم پی اے پروین گل نے وڈیو میں انکشاف کیا ہے کہ ان کے گھر میں چوری کی چار وارداتیں ہوئی ہیں۔ نامعلوم چور چار وارداتوں میں 35 ہزار ڈالر ، 2 لاکھ نقدی اور لائینسی اسلحہ لوٹ کر گئے  ہیں۔

پروین سکندر گل نے ویڈیو میں گھر کا نقشہ بھی بتایا اور نامعلوم چوروں کے اسکے کمرے میں آنے والے راستوں کی بھی نشاندہی کی ۔انہوں نے وڈیو میں انکشاف کیا کہ چوروں نے سوتے ہوئے کٹر سے جیب کاٹ کر 22 ہزار روپے نکالے ۔

وڈیو میں انہوں  نے گھر میں داخل ہونے والے دروازے پر لاک نہ ہونے کا بھی اشارہ دیا اوردیوار میں موجود اے سی کے سوراخ کی بھی نشاندہی کی  اور بتایا کہ  اے سی کے سوراخ کو بند کرنے کے لئے فریج لگا رکھی تھی۔

مقامی پولیس افسر سرفراز اسلم نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ  مقتولہ پرین سکندر گل چوری کی وارداتوں کی خود تفتیش کررہی تھیں ۔  انہوں  نے چور کو پکڑنے کے لئے سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگوائے ۔

سرفراز اسلم کے مطابق  شاطر چوروں نے ہر واردات میں سی سی ٹی وی کیمروں کو رخ موڑ دیا ۔ واردات کی تمام فوٹیج ڈلیٹ بھی کردی گئی ۔

واضح رہے کہ چندر روز قبل خاتون رکن صوبائی اسمبلی کو قتل کر دیا گیا تھا، پروین سکندر گل سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں  مسلم لیگ ق کے ٹکٹ پر ایم پی اے منتخب ہوئی تھیں، وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے نے آئی جی سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔

پولیس  کہنا ہے کہ نصیر آباد کے علاقے میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر پروین سکندر گل کو قتل کیا، بھائی صابر گل نے کمرے کے دروازے توڑ کر ان کی لاش نکالی، مقتولہ کے ہاتھ اور پاوں رسیوں سے بندھے ہوئے تھے۔

مقتولہ کے بھائی صابر گل نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ  پہلے کبھی نہیں ہوا کہ انکا فون بند ہو جب میں نے  دروازے  کوتوڑ کر دیکھا تو وہ اندر مردہ حالت میں تھیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی وزیر قانون پنجاب اور سابق ایم پی اے آمنہ الفت مقتولہ کے گھر پہنچ گئے، راجہ بشارت نے متعلقہ اداروں کو جلد تحقیقات مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔

سابق ایم پی اے آمنہ الفت نے کہا کہ  سابق رکن صوبائی اسمبلی پروین اخترکافی دنوں سے پریشان تھیں انہوں نے بتایا کہ ان کے گھر سےچوری کی وارداتیں بھی ہوچکی ہیں۔

پولیس کے مطابق پروین گل کے گلے پر رسی کے نشان موجود ہیں۔ ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹائون اسد مظفرنے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ  موقع سے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں بظاہر لگتاہے کہ کسی نے انکو قتل کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: لاہور میں سابق خاتون رکن صوبائی اسمبلی کو قتل کر دیا گیا


متعلقہ خبریں