شہری ملک بھر کے کسی بھی نادرا سینٹر سے شناختی کارڈ بنواسکتے ہیں، چیئرمین نادرا


کراچی: چیئرمین نادرا عثمان مبین نے حقائق جاننے کے لیے مختلف نادرا سینٹرز کا دورہ کیا۔ اس دوران ایک شہری کے درخواست وصول کرنے سے انکار پر خاتون ملازم کو فارغ کردیا۔

جمعہ کو چیئرمین نادرا ایک عام شہری کے طور پر اچانک نادرا مراکز کے دورے پر پہنچے اور خود انتظامات کا جائزہ لیا۔

اپنے دورے کے دوران وہ نادرا سینٹرز پر عام شہری کی حیثیت سے کارڈ بنوانے کے لیے لائن میں لگے اور شہریوں کے مسائل جاننے کی کوشش کی۔

سائٹ میں نادرا مرکز کے عملے نے چیئرمین نادرا کی درخواست کو مسترد کردیا، ان کی موجودگی میں ہی لاڑکانہ کے رہائشی کا شناختی کارڈ بنانے سے انکار کردیا گیا۔

صورتحال جانے کے بعد چیئرمین نادرا عثمان مبین نے سائٹ میگا سینٹر کے دو افسران کو فوری طور پر معطل کردیا جب کہ بیرون شہر سے آئے فرد کا کارڈ بنانے سے انکار کرنے والی خاتون ملازم کو نوکری سے برخاست کردیا۔

ترجمان کے مطابق چیئرمین نادرا کے دورے کے موقع پر سائٹ میں نادرا کے مرکز پر دو کاؤنٹرز خالی تھے اور شہریوں کو بغیر کسی وجہ کے تنگ کیا جارہا تھا۔

عثمان مبین نے شہریوں کے مسائل کا جائزہ لے کر موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔

چیئرمین نادرا نے کہا کہ شہری ملک بھر کے کسی بھی نادرا سینٹر سے اپنے شناختی کارڈز بنوا سکتے ہیں اور کسی بھی شہری کی درخواست مسترد یا وصول نہ کرنے والے عملے کو معطل کردیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں