حمزہ شہباز کو جیل میں گھر کا کھانا بند کرنے کی مذمت


لاہور: پاکستان مسلم لیگ نواز  (پی ایم ایل ن)  نے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو جیل میں  گھر کا کھانا بند کرنے کی مذمت کی ہے۔

ایک بیان میں پی ایم ایل ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ قانون اور جیل مینوئل حق دیتا ہے کہ زیر سماعت ملزم  کو گھر کا کھانا فراہم کیا جاسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز نے آمر کے دور کا بھی ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے، ‎عمران  خان نوازشریف اور ان  کے شیروں کو بھوکا اور پیاسا رکھ کر ان کے حوصلے پست نہیں  کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان آپ نے ثابت کر دیا کہ چھوٹے آدمی کو بڑی کُرسی پہ مسلط کر دیا گیا ہے۔  ہماری بدقسمتی ہے کہ ہمارا مخالف ایک بزدل اور کم ظرف انسان ہے لیکن ہم آپ کی اوچھی اور کم ظرف حرکتوں سے جھکنے والے نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حمزہ شہباز کو کیمپ جیل سے کوٹ لکھ پت جیل منتقل کر دیا گیا

مریم اورنگ زیب نے کہا کہ  عمران خان کی خواہش ہے کہ ہم منت کریں۔ یہ آپ کی حسرت ہی رہے گی۔ عمران خان کی نالائقی، نااہلی اور جھوٹ کا پول ہر گلی  اور ہر محلے میں کھُل چکا ہے۔

پی ایم ایل ن کی ترجمان نے کہا کہ ‎بدترین سیاسی انتقام اور حکومتی قوت سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کرنے پر  عمران خان کا نام تاریخ میں سیاہ حروف میں لکھاجائے گا۔


متعلقہ خبریں