ڈیل کرنے والا گھر جائے گا، وزیرداخلہ



اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ بریگیڈیئر(ر) اعجاز شاہ نے ڈیل یا این آر او سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ جس نے ایسا کیا وہ خود کو فارغ سمجھے اور آرام کرنے کے لیے اپنا گھر صاف کرا لے۔

اعجاز شاہ نے وزارت ملنے کے بعد اپنا پہلا انٹرویو ہم نیوز کے اینکر ندیم ملک کو دیا جس میں ملک کی سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی کے حوالے سے سخت سوالات کے جواب دیے۔

ہم نیوز کے پروگرام’ندیم ملک لائیو‘ میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کسی کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں کر رہی لیکن اگر نیب پلی بارگین کر لے تو کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

ملک منی لانڈرنگ اور ایف اے ٹی ایف کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیرداخلہ نے کہا کہ عمران خان ہرجانب سے تنقید کے باوجود احتساب کا عمل جار رکھے ہوئے ہیں اس بات پر وزیراعظم کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔

اعجازشاہ نے کہا عدالت جھوٹے مقدمات کبھی نہیں سنتی لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ وائٹ کالرکرائم کو سچ ثابت کرنا دنیا کا مشکل ترین کام ہے جس کے لیے ادارے مضبوط ہونا چاہیں۔

آصف علی زرداری سے متعلق ان کا کہنا تھا سابق صدر کے خلاف کیس مضبوط ہے اسی لیے وہ سلاخوں کے پیچھے ہیں ورنہ کسی کو  بلاوجہ جیل میں نہیں ڈالا جا سکتا۔

جج ویڈیو اسکینڈل کےمعاملے پر ان کا کہنا تھا کہ مبینہ ویڈیو شریف برادران نے خود بنوائی اور اس میں دونوں کو سزا ملنے چاہیے تھی لیکن اب عدالت کیس کو دیکھ رہی ہے،  تو جو فیصلہ ہوگا دیکھیں گے۔


متعلقہ خبریں