’پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا‘

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی جنیوا کے3 روزہ دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔

اس دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے جھوٹے دعویداربھارت کا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں مظالم پر دنیا بھر میں بھارت کو تنقید کا سامنا ہے، کشمیری بھائیوں کو باورکرانا چاہتے ہیں کہ حق خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے معاملے پر پاکستان کو اس وقت بڑی سفارتی کامیابی ملی جب انسانی حقوق کونسل نے بھارت سے پانچ مطالبات پورے کرنے کا کہا ۔

کونسل نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیریوں سے آزادی نہ چھینی جائے اور گرفتار رہنماؤں کو بھی رہا کیا جائے۔

بھارت عالمی میڈیا اورانسانی حقوق کی تنظیموں کو مقبوضہ علاقوں تک رسائی دے۔

کونسل نے اپنے تیسرے مطالبے میں بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں کمیونیکیشن بلیک آوَٹ ختم کرنے کا کہا ہر۔

مقبوضہ جموں و کشمیر سے کرفیو کا فوری خاتمہ اور اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمشنر کی سفارشات پر عمل بھی مطالبات میں شامل ہے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت  کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں جو سب بڑی اور اہم کامیابی ہمیں ملی وہ یہ ہے کہ 58 ممالک نے پاکستان کی حمایت میں اپنا مشترکہ بیان جاری کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ان 58 ممالک میں مختلف خطوں سے تعلق رکھنے والے ممالک کی نمائندگی موجود ہے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ میں ہیومن رائٹس کمشنر میچل بشلٹ نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا۔

پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے میچل بشلٹ سے ملاقات کی جس میں مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

میچل بشلٹ کے مطابق بھارت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بحالی اور کرفیو فوری اٹھایا جائے۔

شاہ محمود قریشی نےاس مطالبے پر ہیومن رائٹس کمشنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے کشمیریوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ مسلسل کرفیو کے سبب ادویات، خوراک تک میسر نہیں اور اس صورتحال کے باعث اسپتال قبرستانوں میں تبدیل ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی یکطرفہ اقدامات بین الاقوامی قوانین کے منافی اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی بھی صریحاًخلاف ورزی ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے اور پاکستان نے وہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں سامنے لانے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔


متعلقہ خبریں