‘موسیقی میری جان ہے لیکن والدہ کے لیے قربانی دی’

'ملک چھوڑ کر جانا ایک مشکل فیصلہ تھا'


اسلام آباد: لیجینڈری پاپ گلوکارعالمگیرخان نے کہا کہ اپنی والدہ کے لیے پاکستان چھوڑ کر جانا پڑا لیکن یہ ایک بہت مشکل فیصلہ تھا۔ موسیقی میری جان ہے لیکن والدہ کے لیے اس کی قربانی دی۔

ہم نیوز کے مارننگ شو ’صبح سے آگے‘ میں میزبان اویس منگل والا اور شفاء یوسفزئی سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جب میں نے ’کہہ دینا آنکھوں سے‘ کا ری ڈو کیا تو لوگوں نے اس کو بہت زیادہ پسند کیا، یہ گانا میری وطن واپسی کی ایک بڑی وجہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ میری رگوں میں موسیقی بسی ہوئی ہے اور میں نے موسیقی کا انتخاب شہرت پانے کے لیے نہیں بلکہ اپنے شوق کی وجہ سے کیا۔ بیرون ممالک میں مختلف زبان کے لوگوں کے لیے گانے گایا کرتا تھا اس طرح بہت سی زبانیں سیکھیں اور پھر ان زبانوں میں گانے بھی گائے۔

عالمگیر خان کا کہنا تھا کہ ” تم ہی سے اے مجاہدوں” ان کے کیریئر کا مشکل ترین لیکن بہترین نغمہ تھا۔

انہوں نے بتایا کہ موسیقی باقاعدہ طور پر کسی استاد سے نہیں سیکھی بلکہ خود سے گا کر اور دوسروں کو سن کر سیکھا۔

گانا گانے اور سیکھنے کے شوقین افراد کے لیے انہوں نے ایک منفرد مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ موٹرسائیکل چلائیں، یہ ایک ورزش ہے جو کہ آواز بہتر کرنے میں مدد دیتی ہے۔

اپنے بچپن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ایک دفعہ میری والدہ نے میرا گٹار باہر پھینک دیا تھا کیونکہ میں نہ خود پڑھ رہا تھا نہ ہی بہن بھائیوں کو پڑھنے دے رہا تھا، اس بات پر میں بہت رویا تھا۔


متعلقہ خبریں