واشنگٹن: امریکی ہاؤس آف ریپرزینٹیٹو (کانگریس) کی واحد بھارتی نژاد قانون ساز پرامیلا جیاپال نے مقبوضہ وادی کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کو اس بات پرآمادہ کریں کہ وہ جاری کرفیو کا فوری طور پرخاتمہ کرے۔
مسئلہ کشمیر: پاکستان انسانی حقوق کونسل سے مشترکہ بیان لینے میں کامیاب
بھارت کے مؤقر نشریاتی ادارے ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق پرامیلا جیا پال اور کانگریس مین جیمز پی میک گورن نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور ذرائع ابلاغ کو مقبوضہ وادی کشمیر میں جانے کی اجازت دی جائے۔
نشریاتی ادارے کے مطابق دونوں امریکی قانون سازوں نے سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو کو گیارہ ستمبر کے دن بھیجے جانے والے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ امریکی انتظامیہ بھارتی حکومت پر دباؤ ڈالے کہ وہ مقبوضہ وادی چنار میں مواصلاتی نظام کی معطلی کا خاتمہ کرے اور اسے بحال کرے۔
I continue to be deeply concerned about credible reports of a humanitarian crisis in Jammu & Kashmir. Even in complex situations, we look to strong democratic allies like India to uphold basic human rights and due process.
Read my letter with @RepMcGovern to @SecPompeo ⬇️ pic.twitter.com/sVwVwXFyWy
— Rep. Pramila Jayapal (@RepJayapal) September 11, 2019
امریکی سی آئی اے میں ڈائریکٹر کی حیثیت سے فرائض سرانجام دے چکنے والے سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو کو لکھے جانے والے خط میں پرامیلا جیا پال اور جیمز پی میک گورن نے زور دیا ہے کہ امریکہ، بھارت کو اس بات پر آمادہ کرے کہ وہ بے گناہوں کی رہائی یقینی بنائے، گرفتاری کے عمل کی دوبارہ تحقیقات کرے، اسپتالوں میں ادویات کی قلت دور کرکے انہیں فراہم کرے، کشمیریوں کو ان کی مذہبی عبادت کی آزادی مہیا کرے اور انہیں ان کی اسمبلی کا حق دے۔
کشمیر: بچوں کی چیخ و پکار سسکیوں میں ڈھلنے لگی، بیروزگاری پھیل گئی
امریکی قانون ساز ادارے کے دونوں اراکین نے اس بات پرسخت تشویش ظاہر کی ہے کہ مقبوضہ وادی کشمیر میں ہزاروں افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے بھارتی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ مذہبی آزادی کے حوالے سے صبر و تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کرے کہ یہی جمہوریت کا چلن ہے۔ انہوں نے یاد دلایا ہے کہ بھارت کی تاریخ خود اس کا ثبوت ہے۔
بھارت کے نشریاتی ادارے کے مطابق جیاپال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر بھی مائیک پومپیو کو لکھے جانے والے خط کی کاپی شیئر کی ہے۔ انہوں نے بھارتی جمہوریت پر سخت مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے مؤقف اپنایا ہے کہ بھارت مقبوضہ وادی کشمیر کے لوگوں کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ میں یکسر ناکام ثابت ہوئی ہے۔