شہباز شریف افراتفری پیدا کرکے اداروں کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، اعجاز چوہدری

اعجاز چوہدری باہر

فوٹو: فائل


لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اعجاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ عابد باکسر کے بعد احد چیمہ کی گرفتاری نے شہباز شریف کو ہواس باختہ کردیا ہے۔

اعجاز احمد چوہدری نے اپنے ایک جاری بیان میں کہا ہے کہ سابق چیئرمین لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( ایل ڈی اے ) احد چیمہ کی گرفتاری سے شہباز شریف بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ احتساب کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے شہباز شریف پر الزام لگایا کہ وہ سنگین جرائم سے بچنے کے لیے سول بیوروکریسی کو استعمال کررہے ہیں۔ پنجاب کی سیاسی تاریخ میں پہلی بار سول بیوروکریسی دفاتر کو تالے لگارہی ہے۔ جس کے باعث سائلین کو پریشانی کا سامنا ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ احد چیمہ نے شہباز شریف سے ملکر اربوں کھربوں روپے کی کرپشن کی ہے۔ سول بیورو کریٹس آسمان سے نہیں اترے کہ ان کا احتساب نہیں ہوسکتا ہے۔ ایل ڈی اے پلازہ میں آگ لگا کر میٹرو بس کا ریکارڈ جلایا گیا ہے۔

اعجاز چوہدری نے مطالبہ کیا کہ دفتروں کو تالے لگانے والے سول بیورو کریٹس کو نوکری سے برخاست کرکےغداری کا مقدمہ چلایا جائے۔ سب کا بلاتفریق احتساب ہونا چاہیے کوئی شخص بھی قانون سے بالا تر نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں