پنجاب: جان لیوا امراض اور معمولی جرائم کے قیدیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ


لاہور: پنجاب حکومت نے جیلوں میں گنجائش سے زائد اضافی قیدیوں کا نوٹس لیتے ہوئے جان لیوا امراض میں مبتلا اور معمولی جرائم کے قیدیوں کو پیرول پر رہا کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

محکمہ جیل خانہ جات کی رپورٹ کے مطابق لاہور ریجن کی پانچ جیلوں میں گنجائش سے پانچ ہزار قیدی زائد ہیں تاہم یہاں نو ہزار پچاسی افراد کی گنجائش ہے۔

اسی طرح پنجاب کی اڑتیس جیلوں میں میڈیکل اسکرینگ کے دوران انکشاف ہوا کہ 34 جیلوں میں 480 قیدی ایسے ہیں جن میں ایڈز کی تشخیص ہوئی۔

اس کے علاوہ تین ہزار کے قریب قیدی ہیپاٹائٹس بی اور سی سے متاثر ہیں جن میں سے اکثریت کی حالت تشویشناک ہے۔

جیلوں میں مختلف بیماریوں کی بڑھتی وباء کے باعث پنجاب حکومت نے بھی حکمت عملی بنالی ہے۔

پہلے مرحلے میں معمولی جرائم میں ملوث اور جان لیوا بیماریوں میں مبتلا پانچ ہزار سے زائد قیدیوں کو پیرول پر رہا کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں فہرستیں بھی طلب کرلی گئی ہیں۔

ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق پیرول پر رہا ہونے والے قیدی جہاں اپنی سزاؤں کا باقی ماندہ وقت جیل سے باہر اپنے خاندانوں کے ساتھ گزار سکیں گے وہیں جیلوں میں گنجائش کا مسئلہ بھی کچھ حد تک حل ہوگا۔


متعلقہ خبریں