جنگ ستمبر کے ہیرو میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کا 54 واں یوم شہادت

لاہور: جنگ ستمبر کے ہیرو میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کا 54 واں یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے۔  وطن پر جان نچھاور کرنیوالے وطن کے بہادر سپوت نے جرأت و شجاعت کی ایسی تاریخ رقم کی جو نصف صدی کے بعد بھی قوم کو ازبر ہے۔

بھارتی افواج کے سامنے آہنی دیوار بن جانے والے میجر عزیز بھٹی شہید 6اگست انیس سو اٹھائیس کو ہانگ کانگ میں پیدا ہوئے، ان کا خاندان خاندان قیام پاکستان سے پہلے ہی گجرات کے نواحی گاؤں لادیاں آ کر آباد ہو گیا تھا۔

قوم کے اس  عظیم سپوت نے اکیس جنوری انیس سو اڑتالیس کو پاکستان ملٹری اکیڈمی میں داخلہ لیا۔  انیس سو پچاس میں پہلے ریگولر کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں انہیں شہید ملت لیاقت علی خان نے بہترین کیڈٹ کے اعزاز کے علاوہ شمشیر اعزازی اور نارمن گولڈ میڈل کے اعزاز سے  بھی نوازا۔ میجر عزیز بھٹی شہید انیس سو چھپن میں میجر بن گئے ۔

چھ ستمبر انیس سو پینسٹھ کو بزدل دشمن بھارت نے ارض وطن پر شب خون مارا تو برکی کے محاذ پر سترہ پنجاب رجمنٹ کے اٹھائیس افسروں سمیت کمپنی کمانڈر میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نے کمال مہارت اور عسکری صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو آگے  بڑھنے سے روک دیا۔

پانچ دن اور پانچ راتوں تک بی آر بی نہر پر دشمن کے ہر وارکو ناکام بنانے والا یہ باہمت سپاہی بارہ ستمبر کو دشمن کے ٹینک کا گولہ لگنے سے جام شہادت نوش کر گیا۔

عزم و ہمت کی لازوال داستان رقم کرنے پر میجرراجہ عزیز بھٹی کو ملک کے سب سے بڑے فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا، سوہنی دھرتی پر قربان ہونیوالے فوجی جوان کو قوم آج بھی عقیدت  و احترام سے یاد کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: معرکہ کارگل کے ہیرو کیپٹن کرنل شیر خان شہید کا 20 واں یوم شہادت

متعلقہ خبریں

ٹاپ اسٹوریز