ہتک عزت: مخالف فریق جان بوجھ کر تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں،علی ظفر


لاہور کی  مقامی عدالت نے گلوکارہ میشا شفیع کیخلاف اداکار علی ظفر کے ہتک عزت کے دعویٰ کی سماعت  میں درخواست گزار نے الزام عائد کیا ہے کہ مخالف فریق جان بوجھ کر تاخیری حربے استعمال کررہے ہیں۔ 

عدالت نے آئندہ سماعت پر19ستمبر کو میشا شفیع کے وکلا کو علی ظفر کے بیان پر جرح کے لیے بھی  طلب کر لیا ہے۔

سیشن عدالت میں میشا شفیع کے خلاف علی ظفر کے دعویٰ کی سماعت  کے دوران میشا شفیع کے وکلا کی جانب سے جرح کے لیے ایک ہفتے کی مہلت مانگی گئی۔

گلو کار علی ظفر نے کہا کہ وہ بیرون ملک سے اپنی شوٹنگز ختم کر کے آئے ہیں اور گزشتہ سوا سال سے انصاف کے لیے عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں۔

علی ظفر کے وکیل نے کہا کہ سپریم کورٹ کا حکم ہے کہ جلد فیصلہ کیا جائے۔ اس پر میشا شفیع کے وکیل نے کہا کہ سپریم کورٹ کا ایسا کوئی فیصلہ نہیں ہے۔

علی ظفر بولے کہ لگتا ہے کہ مخالف فریق جان بوجھ کر تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں۔

اداکارعلی ظفر کی گواہ سارہ رحمان نے اپنا بیان ریکارڈ کرایا جس پر میشا شفیع کے وکیل کی طرف سے جرح بھی کی گئی۔

سارہ رحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ علی ظفر پر جھوٹا اور بے بنیاد الزام لگایا گیا ،میں نے کبھی نہیں دیکھا کہ علی ظفر نے کسی کو ہراساں کیا ہو؟ویسے بھی اگر ہراساں کیا گیا تھا تو الزام تاخیر سے کیوں لگایا گیا۔

میشا کے وکیل نے گواہ سارہ رحمان سے  کہا کہ انجلینا جولی نے ہاروی وائن سٹائن پر 20 سال بعد جنسی ہراسگی کا الزام لگایا ہے۔

اس پر گواہ سارہ رحمان نے کہا کہ مجھے نہیں علم انجلینا جولی نے ہاروی وائن سٹائن پر جنسی ہراسگی کا الزام لگایا ہے۔

وکیل نے کہا کہ کیا انجلینا جولی کے الزامات درست ہیں؟ کیا انجلینا جولی نے بھی می ٹو مہم کا غلط استعمال کیا؟

سارہ رحمان نے کہا کہ مجھے نہیں پتہ انہوں نے می ٹو مہم کا غلط استعمال کیا یا نہیں۔

میشا کے وکیل نے پوچھا کیا انجلینا جولی نے دنیا میں مشہور ہونے کیلئے ہاروی وائن سٹائن پر الزام لگایا؟

اس پر سارہ نہیں وہی جواب دہرا یا کہ مجھے نہیں علم کہ کیوں انجلینا جولی نے الزامات لگائے؟

سارہ رحمان نے کہا کہ میں سکول کی  آٹھویں کلاس میں میشا شفیع کی  قریبی دوست تھی۔ علی ظفر کے کیس سے پہلے بھی میشا شفیع  کی دوست تھی ۔ میں علی ظفر کی اہلیہ کی بھی بہت اچھی دوست ہوں۔

فریقین کے دلائل کے بعد عدالت نے علی ظفر کے دعویٰ کی سماعت انیس ستمبر تک ملتوی کر دی ۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر میشا شفیع کے وکلا کو علی ظفر کے بیان پر جرح کے لیے طلب کر لیا۔

یہ بھی پڑھیے: ہتک عزت کا دعویٰ: علی ظفر نے میشا شفیع کیخلاف ثبوت پیش کردیے

گلوکارہ میشا شفیع  نےگزشتہ سال اپریل میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لکھا تھا کہ معروف گلوکار علی ظفر نے انہیں ایک سے زائد بار جنسی طورپرہراساں کیا۔

علی ظفر نے گلوکارہ میشا شفیع کو جنسی ہراساں کرنے کا الزام لگانے کی پاداش میں 10 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوا رکھا ہے۔


متعلقہ خبریں