پنجاب حکومت گاڑیوں کیلئےنمبر پلیٹس اور اسمارٹ کارڈ کے بحران پر قابو پانے میں ناکام


لاہور:پنجاب حکومت گاڑیوں کے لئے نمبر پلیٹس اور اسمارٹ کارڈ کے بحران پر قابو پانے میں ناکام ہو گئی ہے، آٹھ لاکھ نمبر پلیٹس اور چار لاکھ اسمارٹ کارڈ التوا کا شکار ہیں۔شہری کئی ماہ سے ایکسائز دفاتر کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں۔ 

تبدیلی سرکار کے دور میں عوام کی مشکلات کم ہونے کے بجائے بڑھنے لگیں، موٹرسائیکل اور گاڑیوں کے مالکان پیسے ادا کرنے کے باوجود نمبر پلیٹس اور سمارٹ کارڈز سے محروم ہیں ۔

آٹھ ماہ سے ایکسائز آفس کے چکر کاٹنے والے محمد شاہد نے ہم نیوز سے گفتگو میں کہا کہ وہ  ہر بار موٹر سائیکل کی نمبر پلیٹ ملنے کی امید لئے آتا ہے مگر افسروں سے نئی تاریخ کا سن کر گھر لوٹ جاتا ہے۔ اس نے کہا اسے آٹھ ماہ ہو گئے ،پیسے دے چکا ہوں،نمبر پلیٹ نہیں مل رہی۔

ذرائع کا کہناہے کہ نمبر پلیٹس اور اسمارٹ کارڈز کی مد میں آٹھ کروڑ پینسٹھ لاکھ  محکمہ ایکسائز نے  وصول کر لئے، حکام کے مطابق ٹینڈر کیلئے اب سوچا جا رہا ہے۔

ڈائریکٹر ایکسائز عمران اسلم نے ہم نیوز کو بتایا کہ لوگوں کو سہولت دیں گے،ابھی ٹینڈر کا سوچ رہے ہیں ۔

یہ بھی پڑھیے: پنجاب حکومت کا ’والڈ سٹی اتھارٹی‘ کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ

ذرائع کے مطابق اسمارٹ کارڈ زاور نمبر پلیٹس کے بحران کی ایک وجہ محکمہ ایکسائز میں چند ماہ کے دوران تین ڈی جیز کا تبدیل ہونا بھی ہے۔


متعلقہ خبریں