پنجاب کی بیوروکریسی سے بغاوت کرائی جارہی ہے، آصف علی زرداری


اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پنجاب میں بیوروکریسی میں بغاوت کرائی جارہی ہے۔ ہم نے کبھی عدالتوں پر تنقید کی اور نہ ہی اداروں کو لڑانے کی کوشش کی ہے۔

نواز شریف اور عمران خان نے سینیٹ کے زیادہ ٹکٹس غیر سیاسی افراد کو دیئے ہیں۔ ن لیگ سینیٹ انتخابات سے باہر نہیں ہوئی لیکن ان کے امیدوار آزاد ہوگئے ہیں۔

آصف علی زرداری نے نواز شریف پر الزام لگایا کہ وہ کمیشن اور بزنس کے علاوہ کوئی کام نہیں کرتے ہیں۔ جب تک پنجاب میں انتظامیہ تبدیل نہیں ہوگی تبدیلی نہیں آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے آج تک کوئی غیر جمہوری عمل نہیں کیا۔ ادارے کمزور ہوجائیں تو ملک کمزور ہوجاتے ہیں اور نوازشریف کی کوشش ہے کہ اداروں کو کمزور کردیا جائے۔

آصف علی زرداری نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ہمسایہ مل بہت شاطر ہے اور آخر کار وہ اپنی سازش میں کامیاب ہوگیا ہے۔ حکومت کی ناکامی اور بے وقوفی کی وجہ سے مودی فائدہ اٹھا رہا ہے۔ آپ ان سے دوستی کی پینگیں بڑھانا چاہتے ہیں اور وہ پاکستان کے خلاف سازشیں کررہے ہیں۔

پنجاب کی بیورو کریسی میں بغاوت کرائی جارہی ہے جو ملک کے خلاف بغاوت ہے۔ خدارا پاکستان پر رحم کریں اور ملک کے خلاف سازشیں بند کی جائیں۔

مجھے جب جسٹس قیوم نے سزا دی اس وقت جو ٹیپ لیک ہوئی تھی اس میں شہباز شریف کی آواز بھی تھی۔ ہم اپیلوں میں جمہوری طریقے سے گئے اور وہاں سے ریلیف حاصل کیا۔

آصف زراری نے عمران خان کی شادیوں پر رضامندگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ تین شادیاں کریں یا چار ان کی مرضی، ہمارے تعلقات اتنے اچھے نہیں کہ مبارکباد دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے خلاف جو رویہ بھارت میں رکھا جارہا ہے وہ دنیا پر عیاں ہوچکا ہے۔ نہرو اور گاندھی کا بھارت سیکولر تھا لیکن آج کا بھارت ہندوتا بن چکا ہے۔ مسلمانوں سے کہا گیا ہے کہ اپنی تلواریں تیز رکھو اور ہماری تلواریں تیز ہیں۔


متعلقہ خبریں