وکرم لینڈر کی تصویر سے متعلق بھارتی دعوؤں کی قلعی کھل گئی


چاند کی سطح پر بھارتی سیارے وکرم  لینڈر کی تصویر سے متعلق بھارتی دعوؤں  کی قلعی برطانوی نشریاتی ادارے نے کھول دی ہے۔ 

بی بی سی کی ایک رپورٹ میں کہا گیاہے کہ  سوشل میڈیا پر زیرگردش تصویر چندریان ٹو کی نہیں بلکہ یہ تصویر امریکی خلائی ایجنسی ناسا کی ویب سائٹ سے چرائی گئی ہے۔

بھارتی ابھی تک مشن چندریان ٹو کی ناکامی کا غم بھولے نہیں کہ  وکرم لینڈر آخر گیا کہاں؟ تابڑتوڑ سوالات کے بعد اسرو کے چیئرمین کے سیون نے چاند کی سطح پر وکرم لینڈر کی تصویریں ملنے کا دعویٰ  کردیا ۔

انڈین سٹیلائٹ ریسرچ آرگنائزیشن کے چیئرمین کے اس دعوے کے بعد بھارتی عوام  وکرم لینڈر کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے رہے۔

بی بی سی نے ریورس امیج سے معلوم کیا کہ یہ تصویر بھارتی سیارے کی نہیں، یہ دراصل امریکی خلائی ایجنسی ناسا کے مشن اپولو 16 کی تصویر ہے۔

ناسا نے 18 جون 2019 کو یہ تصویر اپنی آفیشل ویب سائٹ پر بھی جاری کی تھی جہاں سے اسے چرایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سات ستمبر کو بھارت کا چاند پر جانے کا خواب بری طرح چکنا چور ہو گیا تھا، بھارتی ماہرین چاند کی سطح پر لینڈنگ کی کوشش کرنے والے روبوٹک خلائی جہاز وکرم سے رابطہ کھو بیٹھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق چاند پر پہنچنے کا منصوبہ بالکل درست سمت کی جانب جا رہا تھا کہ عین لینڈنگ کے وقت اور چاند کی سطح سے محض 2 کلو میٹر کی دوری پر خلائی جہاز کا کنٹرول پینل سے رابطہ منقطع ہو گیا اور وہاں پر بیٹھے بھارتی وزیراعظم نریندی مودی سخت مایوسی کے عالم میں اٹھ کر چلے گئے۔

چندر یان ٹو مشن کی ناکامی سے بھارت کو 900 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔

بھارت کے خلائی پروگرام کے ڈائریکٹر کے سیوان کا کہنا تھا سب کچھ ٹھیک چل رہا تھا کہ اچانک خلائی جہاز کا رخ تبدیل ہوگیا۔ اب تک جو ڈیٹا حاصل ہوا اس کا تجزیہ کیا جا رہا ہے ۔

خیال رہے امریکا، روس اورچین کے خلائی مشن چاند پرکامیاب لینڈنگ کرچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: بھارت کا چاند پر جانے کا خواب بری طرح چکنا چور


متعلقہ خبریں