سیکرٹریٹ قومی اسمبلی کا شاہد خاقان عباسی کو جوابی خط

فوٹو: فائل


اسلام آباد: قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو جوابی خط لکھ دیا ہے جو اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ہدایت پر لکھا گیاہے۔ 

خط کے متن کے مطابق کسی بھی زیر حراست رکن کے پروڈکشن آرڈرز کا اجرا اسپیکر کا اختیار ہے اور اسپیکر بحیثیت قومی اسمبلی اپنی آئینی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہیں۔ اس لیے اسپیکر زیر حراست رکن کے خلاف درج تمام مقدمات کا جائزہ لے کر ہی پروڈکشن آرڈرز کے اجرا کا فیصلہ کرتے ہیں۔

خط میں واضح کیا گیا کہ پروڈکشن آرڈرز کے معاملے پر اسپیکر غیر جانبدارانہ سوچ سے فیصلہ کرتے ہیں اور یہ ان کا صوابدیدی اختیار ہے کوئی رکن اس کا مطالبہ نہیں کر سکتا۔

متن کے مطابق اسمبلی کے قواعد وضوابط کے مطابق اسپیکر ضروری سمجھنے پر زیر حراست رکن کو اجلاس میں شرکت کے لیے طلب کر سکتا ہے اور پروڈکشن آرڈر کے اجراء سے متعلق آئینی گنجائش موجود نہیں ہے۔

خط میں کہا گیا کہ اگر زیر حراست رکن اسپیکر کی جانب سے پروڈکشن آرڈرز کے اجراء پر مطمئن نہیں ہیں تو وہ اس سلسلہ میں عدالت سے رابطہ کر سکتا ہے۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے 26 اگست 2019 کو اسپیکر قومی اسمبلی کو زیر حراست افراد کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کے حوالے سے خط لکھا تھا۔

اسپیکر کو لکھے گئے خط میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ قومی اسمبلی کے رکن کو پاکستانی عوام کے منتخب نمائندے کے طور پر یہ حق دستوری طور پر تفویض ہوا ہے کہ وہ خود کو حاصل واحد استحقاق کہ وہ اس قابل ہوگا کہ ایوان کی کاروائی میں شریک ہونے کے بنیادی حق کوبروئے کار لائے اور اپنے حلقے کے عوام کی خواہشات اور امنگوں کوپیش کرے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ایوان کے محافظ کے طور پر اسپیکر قومی اسمبلی کی یہ بنیادی اور دستوری ذمہ داری ہے کہ وہ نہ صرف تمام ارکان کی بغیر کسی رکاوٹ ایوان میں حاضری کو لازمی بنائیں بلکہ اس امر کو بھی یقینی بنائیں کہ ان کی حاضری کی راہ میں اگر کوئی رکاوٹ حائل ہے، تو اسے بھی دور کریں۔

یہ بھی پڑھیں ’ْ پروڈکشن آرڈر کے قوانین میں تبدیلی کا فیصلہ درست ہے‘

سابق وزیر اعظم نے قومی اسمبلی کے مختلف اجلاسوں میں شرکت کے لیے تاخیر سے جاری ہونے والے پروڈکشنز آرڈرز کا بھی ذکر کیا۔

شاہد خاقان عباسی نے اپنے خط میں کہا تھا کہ میں آپ پر زور دیتا ہوں کہ بلا امتیاز ایوان کے تمام قیدی ارکان کے پروڈکشن آرڈرز جاری کریں تاکہ وہ ایک حق اور استحقاق کے طورپرایوان کی تمام سرگرمیوں اورامورمیں حصہ لیں۔


متعلقہ خبریں