‘یہ ذوالفقار بھٹو کا پرانا پاکستان نہیں کہ دو پاکستان بن جائیں’

عمران خان کشمیر کا مقدمہ لڑنے میں ناکام ہو چکے، مرتضیٰ وہاب


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی سندھ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ یہ عمران خان کا نیا پاکستان ہے ذوالفقار بھٹو کا پرانا پاکستان نہیں کہ اس کے دو پاکستان بن جائیں۔

ہم نیوز کے مارننگ شو ’صبح سے آگے‘ میں میزبان شفاء یوسفزئی اور اویس منگل والا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج ہمارے لیے ڈوب مرنے کا مقام ہے کیونکہ کراچی جو کہ پاکستان کے سر کا تاج تھا آج دنیا کے گندے ترین شہروں میں شمار ہوتا ہے۔ پیپلز پارٹی نے 10 سال میں کراچی کا برا حال کر دیا ہے۔

آرٹیکل 149 کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 149 کا “نفاذ” ایک غلط لفظ ہے، کوئی بھی چیز مسلط نہیں کی جا سکتی۔ آرٹیکل 149 کے تحت چند چیزیں کی جانے کی بات ہے۔

اسی حوالے سے مزید بات کرتے انہوں نے یہ شعر پڑھا:

“وہ بات سارے فسانے میں جس کا ذکر نہیں،

وہ بات ان کو ناگوار گزری ہے”

عمران خان کشمیر کا مقدمہ لڑنے میں ناکام ہو چکے ہیں، مرتضیٰ وہاب

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہم پاکستان کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو بے نقاب کریں گے اور اس کے خلاف کھڑے ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کشمیر کا مقدمہ لڑنے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ ان کو اب اپنی غلطی کا احساس ہو جانا چاہیئے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی حالیہ پریس کانفرنس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی لیڈرشپ کو اپنی وفاداری ثابت کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اس وقت سارا پاکستان بھارتی وزیراعظم مودی کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔ پوری قوم یک زبان ہو کر ایک ہی بات کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بھارتی وزیراعظم کیا کرنا چاہتے ہیں اور کیا نہیں یہ ہم سب جانتے ہیں، پورے میڈیا پر ان کی باتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وفاق صوبوں کے معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتا جبکہ آئے دن تحریک انصاف کی حکومت صوبوں کو ہدایات دیتی رہتی ہے۔ وزیراعظم پاکستان کراچی شہر سے جب منتخب ہوئے تو انہوں نے قوم سے کچھ وعدے کیے لیکن ابھی تک وہ وعدے وفا نہیں ہو سکے۔

رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ حکومت نے ابھی تک بی آر ٹی منصوبہ بھی مکمل نہیں کیا، ان کا مسئلہ یہ ہے کہ خود کام نہیں کرتے اور تمام چیزوں کا ملبہ گزشتہ حکومتوں پر ڈال دیتے ہیں۔


متعلقہ خبریں