ڈینگی نے اسلام آباد،کراچی، لاہور اور پشاور کو لپیٹ میں لے لیا

مشتری ہشیار: ڈینگی نے اسلام آباد،کراچی، لاہور اور پشاور کو لپیٹ میں لے لیا

اسلام آباد: کراچی، لاہور اور پشاور سمیت دیگر علاقوں میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد ہزاروں میں پہنچ گئی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق پورے ملک میں اب تک  دوہزار135 افراد ڈینگی کا شکار ہوچکے ہیں۔

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق بدلتے موسم کے ساتھ تیزی سے سر اٹھاتے ڈینگی بخار کی لپیٹ میں آکر اب تک دس افراد اپنی جان کی بازی بھی ہار چکے ہیں۔

کراچی میں 200 سے زائد چینی باشندے ڈینگی کا شکار

سرکاری طور پر دستیاب اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈینگی کے 67 کیسز سامنے آچکے ہیں۔ مریضوں کو مختلف اسپتالوں میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق رواں سال شہر قائد میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 1763 ریکارڈ کی گئی تھی جب کہ پورے سندھ میں یہ تعداد 1841 تھی۔ ماہ ستمبر میں کراچی سے ڈینگی کے متاثرہ مریضوں کی تعداد 330 تھی جب کہ سندھ کے دیگر اضلاع میں مزید 78 افراد ڈینگی کا شکار ہوئے تھے۔

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں ڈینگی سے متاثرہ آٹھ مریض جاں بحق بھی ہو چکے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق زندہ دلان لاہورشہر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 195 ایسے مریضوں کو اسپتال لایا گیا جو ڈینگی کا شکار ہوئے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق راولپنڈی میں 112، لودھراں سے تین، بہاولپور سے دو، لیہ، قصور، اٹک اور ناروال سے ایک ایک مریض کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

لاہور میں ڈینگی مچھر کی افزائش کے دس ہزار سے زائد مقامات

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق صوبہ پنجاب میں رواں برس اب تک 1450 مریضوں کو ڈینگی کا شکار ہونے کے بعد اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ سرکاری ریکارڈ کے مطابق اب تک دو افراد ڈینگی کا شکار ہونے کے بعد اپنی جان کی بازی بھی ہار چکے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق خیبر پختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے مزید 30 نئے مریضوں کو اسپتال لایا گیا جس کے بعد کل مریضوں کی تعداد 930 تک پہنچ گئی ہے۔

کے پی کے محکمہ صحت کے مطابق ڈینگی کے کل 19 سو کیسز میں سے 930 میں ڈینگی کی تصدیق ہوچکی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ مریضوں کا تعلق پشاور سے ہےجن کی تعداد 790 ریکارڈ کی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں