بھارت سے اس مرتبہ آخری جنگ ہوگی، شیخ رشید

ملک بچانے کیلئے دو ادارے ہیں، عظیم افواج اور عدلیہ کو اس طرف دیکھنا ہو گا: شیخ رشید

فوٹو: فائل


مظفرآباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ اس مرتبہ بھارت سے آخری جنگ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم مودی کے حملے کا انتظار کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی ایسا ڈکٹیٹر ہے جس کے بیانات خوفناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے مودی کو پہلے ہی پڑھ لیا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق مظفرآباد میں ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم بھارت کی بالادستی کبھی قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی موجودگی میں بھارت کبھی سپرپاور نہیں بن سکتا ہے۔

مظفرآباد: عمران خان آج پھر مظلوم کشمیریوں کی آواز بنیں گے

انہوں نے کہا کہ مودی کی عقل جواب دے گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مودی کی غلط فہمی ہے کہ ہماری معیشت کمزور ہے تو دفاع بھی کمزور ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی کو جواب دینے کا وقت آگیا ہے۔

شیخ رشید احمد نے خبردار کیا کہ بھارت نے حملہ کیا تو کوئی سیز فائر نہیں مانی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کی آزادی سے جو غداری کرے گا وہ یزیدی قافلے میں ہوگا جب کہ حسینی سوچ والا کشمیر کی آزادی کے لیے اپنی جان نچھاور کردے گا۔

وزیراعظم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کوششوں سے مسئلہ کشمیر 72 سال بعد زندہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور مودی ایک ہی دن اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے اور اس دن یقین ہے کہ وزیراعظم دنیا کو واضح پیغام دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ذمہ داری سے کہتا ہوں کہ دونوں ممالک کے مابین اختلاف کشمیر پر ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا کہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت 35 – اے اور 370 کا خاتمہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی فاشسٹ سے کسی مسلمان نے ٹکٹ نہیں مانگا اور اس نے آسام میں مسلمانوں کو دوسرے درجے کا شہری بنادیا۔

امریکہ: تمام پاکستانی قومی اور کشمیری پرچم لہرائیں، عمران خان نے ٹاسک دیدیا

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ مودی نے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف اعلان جنگ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی قیادت آمر کے ہاتھ میں جا چکی ہے۔

،وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے اعلان کیا کہ میں  22 تاریخ کو سماہنی جارہا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسی جگہ جاؤں گا جہاں بھارتی جہاز گرایا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ سری نگر کے لال چوک اور لال حویلی کا خون کا رشتہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں لائن آف کنٹرول کے تمام علاقوں میں جاؤں گا۔


متعلقہ خبریں