شمسی توانائی سے چلنے والی کار کا کامیاب تجربہ


مشہور جاپانی کمپنی ٹیوٹا نے شمسی توانائی سے چلنے والی کار کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔

جاپانی حکومت کے تعاون سے شروع کیے گئے اس پروجیکٹ کے تحت ٹیوٹا کمپنی نے پلگ کے بغیر اور پوری طرح شمسی توانائی سے چلنے والی پریئس کار کا نیا ماڈل تیار کر لیا ہے۔

ٹیوٹا کمپنی کے انجینیئرز نے انتہائی پتلے سولر پینلز کو کار کی چھت، انجن کے ڈھکنے، عقبی کھڑکی اور دیگر حصوں  سے گزارا اور اس تجربے کے نتیجے میں معلوم ہوا کہ کار سورج سے مکمل توانائی حاصل کر رہی ہے۔

انجینیئرز کے مطابق سولر پینلز سے حاصل کی گئی توانائی کار کی بیٹری کو مکمل طور پر چارج کرتی ہے۔ کار چل رہی ہو یا کھڑی ہو، دونوں صورتوں میں سولر پینلز کے ذریعے سورج سے توانائی حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 2024 تک توانائی، مواصلات کے شعبوں میں کیا انقلاب آنے والا ہے؟

ٹیوٹا کمپنی کے مطابق اچھی دھوپ کی صورت میں شمسی توانائی سے چلنے والی کار 56 کلومیٹر کا سفر طے کر سکتی ہے۔

تاہم بادل یا بہت زیادہ دھوپ کی صورت میں شمسی توانائی سے چلنے والی کار کی کارکردگی سست پڑ سکتی ہے اور  اس صورت میں گاڑی کو چارج کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

کار کی کارکردگی کو جاری و ساری رکھنے کے لیے سولر پینلز کو کار کے عقبی ٹرنک میں نصب بیٹریوں سے جوڑا گیا ہے۔ ان بیٹریوں کا اوسط وزن 80 کلوگرام ہے۔

ٹیوٹا کمپنی کا کہنا ہے کار میں نصب بیٹریوں کا وزن  اور کار کی انتہائی زیادہ قیمت ایک بہت بڑا چیلنج ہے اور ایسی کاریں کمرشل بنیادوں پر تیار کرنے کا مرحلہ سالوں دور ہے۔

 


متعلقہ خبریں