خواجہ برادران  کے جوڈیشل ریمانڈ میں 17ستمبر تک توسیع

خواجہ برادران کو نیب نے گرفتار کرلیا | urduhumnews.wpengine.com

فوٹو: ہم نیوز


لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق  کے جوڈیشل ریمانڈ میں سترہ ستمبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔ 

نیب نے خوجہ سلمان رفیق کو ایل ڈبلیو ایم سی کیس میں شامل تفتیش کرنے کی درخواست بھی جمع کرا دی ہے۔

احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کی سماعت کی، اسپیشل پراسکیوٹر نیب نے ملزموں کی بریت کی درخواست پر تحریری جواب پیش کیا، خواجہ سعد رفیق کی طرف سے سابق اٹارنی جنرل  پاکستان اشتر اوصاف نے وکالت نامہ جمع کروایا گیا۔

خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق نے فرد جرم ختم کر کے بری کرنے کی اپیل میں ریفرنس کو جھوٹا قرار دیا اور استدعا کی کہ فرد جرم کو کالعدم قرار دے کر رہا کیا جائے۔

عدالت نے لیگی رہنماؤں کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے کارروائی سترہ ستمبر تک ملتوی کر دی اور بریت کی درخواست پر وکلاء کو آئندہ سماعت پر بحث کیلئے طلب کر لیا ہے۔

قومی احتساب بیورو نے خواجہ سلمان رفیق کو لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کیس میں شامل تفتیش کرنے کے لئے درخواست بھی عدالت میں جمع کروا دی ہے۔

پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیر ریلوے نے ٹرینوں کے متاثرہ شیڈول پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا اور یہ بھی کہا ہے کہ حکمران مولانا فضل الرحمن کے اسلام اباد پہچننے سے پہلے راہ راست پر آ جائیں۔

یہ بھی پڑھیے: پیرا گون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس، خواجہ برادران پر فرد جرم عائد


متعلقہ خبریں