ایف بی آر کی موبائل ایپ تیار

ایف بی آر کی موبائل ایپ تیار

فائل فوٹو


کراچی: پاکستان میں محصول یعنی ٹیکس جمع کرنے والے ادارے فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے تنخوادار طبقے کے لیے موبائل ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے اعلان کیا کہ 13 ستمبر کو ایک ” موبائل ایپ “ کا اجراء کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے تنخواہ دار طبقہ نہ صرف ٹیکس فائل کرسکے گا بلکہ اس سے متعلق دیگر معلومات بھی حاصل کرسکے گا۔

انہوں نے لکھا کہ موبائل ایپ متعارف کرانا ٹیکس نظام میں ڈیجیٹلائزیشن کی سمت ایک قدم ہے۔

ایپ کے استعمال سے تنخواہ دار طبقہ اپنے ٹیکس کی معلومات، ادائیگی اور دیگر تفصیلات اسمارٹ فون پر حاصل کرسکے گا۔

شبر زیدی اس وقت پاکستان میں ٹیکس دہندگان کو سہولیات فراہم کرنے پر توجہ دے رہے ہیں تاکہ محصول وصولی میں اضافہ ہو۔

اس سے قبل انہوں نے کاروباری طبقے کو آسانی فراہم کرنے کے لیے چھاپے نہ مارنے کا اعلان کیا تھا۔ شبر زیدی کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے ٹیکس ادا کرنے والے انتہائی اہم ہیں اور ایف بی آر کسی صورت بزنس کمیونیٹی کو ہراساں نہیں کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری زیادہ توجہ ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کو نیٹ میں لانے پر ہے، ہمارے ٹیکس نظام کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔


متعلقہ خبریں