کپتانی سے متعلق فیصلہ پی سی بی نے کرنا ہے، سرفراز


کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ کرکٹ کا نیا اسٹرکچر شروع ہورہا ہے امید ہے اس سے فائدہ ہوگا۔

نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کوکا بورا گیند کا استعمال ہونا بہت اچھا ہے اس سے کھلاڑیوں کو فائدہ ہوگا۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ جو ٹیمیں بنی ہیں ان میں زیادہ تر وہ ہی کھلاڑی ہیں جو کافی عرصے سے کھیل رہے ہیں، ٹیمیں کم ہونے سے کھلاڑیوں میں مقابلہ کی فضا قائم ہوگی، اچھی بات ہےکہ جونیئر اور سینئر کھلاڑی ایک ساتھ کھیل رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نئی چیز ہونے جارہی ہے امید ہے پاکستان کو فائدہ ہوگا، نئے نظام  کو وقت دیں گے تو بہتر نتائج آئیں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم گزشتہچار دن سے پریکٹس کررہی ہے، ٹیسٹ کرکٹ آسان نہیں، کرکٹ کی اس طرز میں مسلسل پانچ دن کھیلنا ہوتا ہے، ہر کھلاڑی نےاپنی کارکردگی دیکھتے ہوئے کریئر کا فیصلہ کرنا ہے اور وہ بہتر جانتا ہے کہ ہے وہ کون سا فارمیٹ کھیل سکتا ہے۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ قائداعظم ٹرافی میں اچھی کارکردگی پر کھلاڑیوں کو فائدہ ہوگا اور اس سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئےگا۔

پریس کانفرنس میں سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ نیا نظام آیا ہے اس لیے نہیں معلوم کہ اس نظام کے تحت کپتان کے پاس کیا اختیارات ہیں۔ میری کپتانی سے متعلق فیصلہ پی سی بی نے کرنا ہے۔

ایک موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فیصلہ کرنا ہے کہ کس کی سلیکشن کرنی ہے اور کس کی نہیں، پی سی بی پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کےلیے بھرپور کوشش کررہا ہے، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو بھی پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ ٹیسٹ میچز میں وہاب اور عامر کی کمی محسوس ہوگی،  بہترین باولرز کی خلا پر کرنے کی کوشش کریں گے، ہمارا مقصد کرکٹ کو بہتر کرنا ہے۔


متعلقہ خبریں