’چند سالوں میں15لاکھ سے زائد ہنر مند افراد کیلئے روزگار کے مواقع میسر ہوں گے‘

فوٹو: فائل


لاہور:وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان نے بزدار دعوی کیا ہے کہ نئی انڈسٹریل پالیسی پنجاب میں صنعتوں کے فروغ کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگی۔چند سالوں میں صوبے بھر میں 15لاکھ سے زائد ہنر مند افراد کیلئے روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے یہ دعویٰ آج لاہور میں  اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب میں کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ  صوبے میں صنعتکاری اورسرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے ہر ممکن اقدام کیے جائیں گے۔ صنعتی سیکٹر کے فروغ کیلئے سپیشل اکنامک زونز بنائے جا رہے ہیں۔ان زونز میں صنعتکاروں کو انڈسٹری لگانے پر خصوصی مراعات دی جائیں گی۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ نئے صنعتی زونز کے علاوہ پرانی انڈسٹریل اسٹیٹس کو بھی ڈیویلپ کیا جائے گا۔نئی صنعتیں لگانے کے لئے فائل کسی جگہ رکے گی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں صنعتوں کی زوننگ کیلئے نہ صرف ہدایات جاری کردی گئی ہیں بلکہ صنعتوں کی زوننگ کے لئے کمیٹی  بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ کمیٹی صنعتوں کی زوننگ کے حوالے سے جامع سفارشات پیش کرے گی۔صنعتکاری کا عمل تیز ہونے سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور سرمایہ کاری بڑھے گی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کاروبارمیں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔سرمایہ کا روں اورصنعتکاروں کو ہرممکن سہولتیں دیں گے۔

وزیراعلی پنجاب نے دعوی کیا کہ پاکستان میں کاروباری ماحول بہتر ہواہے۔حکومت چھوٹی صنعتوں کے فروغ کیلئے انقلابی نوعیت کے ا قدامات کر رہی ہے۔ معیشت کی ترقی صنعت اور کاروبار کے استحکام سے مشروط ہے۔

سردار عثمان بزدارنے کہا کہ  ٹیکنیکل ایجوکیشن کے بعد ہر طالبعلم کو انڈسٹریز میں آن لائن ٹریننگ کرائی جائے گی۔

صوبائی وزیر صنعت و اطلاعات میاں اسلم اقبال، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب، سیکرٹری صنعت، سیکرٹری خزانہ اور متعلقہ حکام کی اجلاس میں شرکت کی ۔

یہ بھی پڑھیے: ایم ٹی آئی آرڈیننس 6میڈیکل یونیورسٹیوں میں نافذ کیا گیاہے، عثمان بزدار


متعلقہ خبریں