’شہباز گل سے استعفیٰ وزیراعظم نے لیا‘


لاہور: وزیراعظم عمران خان کے حکم پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ترجمان شہباز گل نے استعفیٰ دیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ انہوں نے استعفیٰ دیا نہیں بلکہ ان سے لیا گیا ہے اور ان کی آخری پریس کانفرنس اس کی وجہ بنی۔

آخری پریس کانفرنس میں شہباز گل نے پارٹی رہنماؤں اور کابینہ کے اراکین کو نام لیے بغیر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ چار سے چھ وزراء نے ڈاکٹر شہباز گل کی پریس کانفرنس پر ناراضی کا اظہار کیا اور وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب سے شہباز گل کے بیان پر کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔

وزراء کا کہنا تھا کہ ترجمان وزیراعلیٰ کا کام وزیراعلیٰ کا دفاع ہے، پارٹی میں پھوٹ ڈالنا نہیں۔

انہوں نے شکوہ کیا کہ شہباز گل وزیراعلیٰ کی بجائے ذاتی تشہیر پر زیادہ زور دیتے ہیں۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ اراکین کے ساتھ بھی ان کا رویہ خاصا تضحیک آمیز تھا جبکہ خود وزیراعلیٰ پنجاب بھی اپنے ترجمان سے ناراض تھے۔

وزراء نے الزام عائد کیا کہ شہباز گل مختلف محکموں کی کارکردگی رپورٹس منگوا کر محکموں میں مداخلت کر رہے تھے۔


متعلقہ خبریں