عمران خان کا مظفر آباد جانے کا فیصلہ سیاسی ڈرامہ تھا، سراج الحق

عمران خان کا مظفر آباد جانے کا فیصلہ سیاسی ڈرامہ تھا، سراج الحق

فوٹو: فائل


چکوال: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا مظفر آباد جانے کا فیصلہ سیاسی ڈرامہ تھا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے چکوال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کشمیری عوام کے مسائل سے مکمل طور پر لاتعلقی اختیار کیے ہوئے ہے۔ اگر وزیر اعظم اور صدر ناکارہ نکل آئیں تو یہ ہمارے غلط انتخاب کی وجہ سے ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کروڑ نوکریاں، 50 لاکھ گھر اور خوشحالی کی تبدیلی کا نعرہ جھوٹا نکلا۔ روزانہ کئی صلاح الدین پولیس گردی کا شکار ہو رہے ہیں۔ تبدیلی کی بات کرنے والے اپنی جماعت اور احتساب سے بسم اللہ کریں۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ واپڈا کے چند با اثر ملازمین کروڑوں کی کریشن میں ملوث ہیں جس کا علم سینیٹ کے اجلاس میں ہوا، ملک میں تبدیلی ایسی آئی کہ جائز کام کے بھی پیسے دینے پڑتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پالیسیوں کا تسلسل پیپلز پارٹی والی ہیں اور پیپلز پارٹی کی پالیسیوں کا تسلسل مسلم لیگ ن والا تھا جبکہ میرے اقتدار میں رہنے کا احتساب کرو تو کچھ ہاتھ نہیں آئے گا۔

یہ بھی پڑھیں مودی سرینگر میں کشمیریوں سے خطاب کر کے دکھائے، شاہ محمود قریشی

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت ایک گالی بن چکی ہے، دادا کے بعد بیٹا اور پھر پوتا ہی سیاسی وارث کیوں ہوتا ہے ؟ پاکستانی عوام کی امیدوں کی آخری کرن جماعت اسلامی ہے اور پاکستان میں اسلامی نظام صرف جماعت اسلامی ہی  لا سکتی ہے۔


متعلقہ خبریں