پنجاب میں اہم تبدیلیاں، جہانگیر ترین کی وزراء سے ملاقاتیں


لاہور: پاکستان کے سب سے بڑے صوبہ پنجاب میں ہونے والی اہم تبدیلیوں کے درمیان پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نے صوبائی وزراء سے ملاقاتیں کی ہیں۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ جہانگیر ترین سے وزیرِاعلیٰ پنجاب کے مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ اور سید رفاقت علی گیلانی نے ملاقات کی ہے۔

اس کے علاوہ جہانگیر ترین نے صوبائی وزیر برائے کوآپریٹوز مہر مُحمد اسلم بھروانہ اور صوبائی وزیر برائے انسانی وسائل اور مزدور طبقہ انصر مجید نیازی سے بھی ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں پنجاب حکومت کی سالانہ کارکردگی اور انتظامی امور زیر بحث آئے۔

پنجاب کابینہ میں ردو بدل اور موجودہ سیاسی صورتحال پر  بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سے قبل خبر آئی تھی کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان احمد خان بزدار نے سیاسی ہلچل کے بعد انتظامی عہدوں پر بھی بڑی تبدیلیوں کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کی بیوروکریسی میں بھی بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی منظوری عثمان بزدار نے دے دی ہے۔

وزیراعلی پنجاب نے عمرے پر روانگی سے قبل سمریوں پر دستخط کر دئیے ہیں جس کے تحت پنجاب کے متعدد اضلاع کے ڈی سی اوز تبدیل کر دئیے جائیں گے۔

پنجاب کے متعدد اضلاع کے ڈی پی اوز کو بھی منتقل کیا جائے گا جبکہ مختلف محکموں کے سیکرٹریز بھی تبادلے کی زد میں آئیں گے۔


متعلقہ خبریں