پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گا،وزیر خارجہ


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  وزیر اعظم عمران خان نے آج مظفرآباد میں ہندوستان سمیت دنیا بھر کو واضح اور دوٹوک پیغام دیا ہے کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گا۔

انہوں نے یہ بات آج  وزارت خارجہ میں وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر تشکیل دیئے گئے “کشمیر سیل” کا تیسرے باضابطہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

دفتر خارجہ کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، سول و عسکری حکام اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

وزیر خارجہ نے اجلاس کے شرکاء کو اپنے حالیہ دورہ جنیوا اور اس میں ہونے والی میٹنگز کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے اطمینان محسوس ہو رہا ہے کہ ہماری کاوشیں بارآور ثابت ہو رہی ہیں ،دنیا نے جس طرح مقبوضہ جموں و کشمیر کی گھمبیر صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا وہ غیر معمولی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی، ہیومن رائٹس تنظیموں اور بین الاقوامی میڈیا نے ہندوستان کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر شدید تحفظات اور تشویش کا اظہار کیا ہے ۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اٹھاون ممالک کی حمایت سے مشترکہ بیان کا جاری ہونا انتہائی حوصلہ افزا ہے ،آج ہندوستان کے سفاکانہ طرز عمل کے خلاف دنیا بھر میں آوازیں اٹھ رہی ہیں اور ہندوستان کے جھوٹے بیانیے کی قلعی کھل رہی ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کی طرف سے بھی مثبت رد عمل سامنے آ رہا ہے اور اب کشمیر پہلی دفعہ یورپین پارلیمنٹ میں بطور ایجنڈا زیر بحث آئے گا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ رواں ماہ ہونے والے، اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان، مقبوضہ جموں و کشمیر کے لاکھوں نہتے مظلوم انسانوں کے مقدمے کو دنیا بھر کے سامنے پیش کریں گے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اجلاس میں مسئلہ کشمیر کو سیکیورٹی کونسل اور او آئی سی کے بعد دیگر بین الاقوامی فورمز پر اجاگر کرنے کیلئے قانونی اور آئینی پہلوؤں پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں چالیس روز سے محصور لاکھوں انسانوں پر جاری بدترین مظالم کو واضح طور پر دنیا بھر کے سامنے لانے کیلئے میڈیا کو بروئے کار لانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں۔

شرکاء اجلاس نے کامیاب سفارتکاری کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کے لاکھوں نہتے انسانوں پر جاری بھارتی مظالم پر، اقوام عالم کی توجہ مبذول کروانے پر وزیر خارجہ کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیے: میں بتاؤں گا ایل او سی پر کب جانا ہے، حکم کا انتظار کریں، عمران خان


متعلقہ خبریں