‘مقبوضہ کشمیر پر حملہ آزاد کشمیر اور پاکستان پر حملہ ہے’

اقوام عالم بھارت پہ دباؤ ڈالے کہ وہ کشمیر سے اپنا قبضہ ختم کرے، سردار مسعود

مانچسٹر: صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر حملہ آزاد کشمیر اور پاکستان پر حملہ ہے۔

مانچسٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو ایک نو آبادی ریاست میں تبدیل کرنے کی ناکام کوشش کی ہے۔ پوری قوم آزاد کشمیر، مقبوضہ کشمیر اور پاکستان کا دفاع کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ و یورپ کے اراکین، برطانوی پارلیمنٹ، کشمیری و پاکستانی کمیونٹی نے بھارت کے اقدامات کی بھرپور مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی محاصرہ ختم کرانے کے لیے بین الاقوامی برادری کو کردار ادا کرنا چاہیے۔

گزشتہ روز آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے جلسہ منعقد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ بزدل انسان ہی عورتوں اور بچوں پر ظلم کرتا ہے جو آج نریندر مودی اور اس کی جماعت آر ایس ایس کشمیر میں کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس میں مسلمانوں کے خلاف نفرت بھری ہوئی ہے اور ان کا مقصد ہے کہ بھارت صرف ہندوؤں کے لیے ہے اور یہاں کسی کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہندوستان وہ ملک بننے جا رہا ہے جو نہ نہرو اور نہ ہی گاندھی چاہتا تھا۔ اسی آر ایس ایس نے ہی گاندھی کا قتل کیا تھا۔ کشمیر کا مسئلہ اب بین الاقوامی ایشو بن چکا ہے اور 50 سال بعد اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں کشمیر کے مسئلہ پر بات کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی) نے بھی ہندوستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیر پر سے کرفیو ہٹائے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم کشمیر کی آزادی کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔ کشمیر کے معاملے پر ہر پلیٹ فارم کو استعمال کریں گے اور بین الاقوامی میڈیا پر اس مسئلے کو اٹھائیں گے۔ کشمیر کا سفیر بن کر پوری دنیا میں جاؤں گا۔


متعلقہ خبریں