سعودی عرب میں سب سے زیادہ پاکستانیوں کے سرقلم

سعودی عرب میں سب سے زیادہ پاکستانیوں کے سرقلم

فائل فوٹو


ریاض: پاکستان کے اتحادی ملک سعودی عرب میں سب سے زیادہ پاکستانیوں کے سرقلم کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے جبکہ ان کی جیلوں میں موجود غیر ملکیوں میں سب سے زیادہ تعداد بھی پاکستانیوں کی ہے۔ 

جسٹس پراجیکٹ پاکستان کے مطابق دنیا بھر میں کے مختلف ممالک کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی تعداد 11 ہزار سے زائد ہے جبکہ 7 ہزار کے قریب صرف عرب ممالک میں قید ہیں۔

جسٹس پراجیکٹ پاکستان کی ڈائریکٹر سارہ بلال نے بین الاقوامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے دورہ پاکستان کے دوران دو ہزار قیدیوں کو رہا کرنے کے وعدے پر تاحال عمل نہیں کیا گیا بلکہ ان میں سے کچھ افراد کو سزائے موت سنا کر اس پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب میں تین ہزار چار سو پاکستانی قید ہیں، جن میں سے اس سال اب تک ایک خاتون سمیت  چھبیس افراد کو سزائے موت دی جا چکی ہے۔

یاد رہے گزشتہ ہفتے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں چیئرمین فیاض الدین نے سوال کیا کہ سعودی ولی عہد نے جن قیدیوں کی واپسی کا وعدہ کیا تھا، ان میں کتنے واپس آئے؟

رکن کمیٹی  نور الحسن تنویر نے کہا کہ وزارت سمندر پار پاکستانیز کے حکام پرانی فہرستیں پیش کر رہے ہیں، ہمیں یہ بتایا جائے کہ جن 579 کو رہا کرنے کا سعودی ولی عہد نے کہا تھا وہ کہاں ہیں؟

مہرین رزاق بھٹو نے سوال اٹھایا کہ وزارت سمندر پار پاکستانی قیدیوں کیلئے کیا کر رہی ہے؟

اجلاس میں شریک سیکرٹری اوورسیز کا کہنا تھا کہ بیرون ملک 10 ہزار پاکستانی مختلف جرائم میں قید ہیں اور زیادہ تر کیسز قتل یا منشیات کے ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزارت کے 19 کمیونٹی ویلفیئر اتاشی ہیں جو قیدیوں کو مدد فراہم کرتے ہیں اور ہمارے سفیر بھی سعودی حکام کیساتھ مکمل رابطے میں ہیں۔

 

 


متعلقہ خبریں