سلطانز کی شاہانہ جیت، لاہور قلندرز کی ایک نہ چلی

فوٹو: فائل


دبئی: پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے کامیابی کا سفر جاری رکھتےہوئے لاہور قلندرز کو43 رنز سے شکست دے دی۔

180 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں قلندرز ٹیم 17.2 اوورز میں 136 رنز بنا سکی۔

اس سے قبل میچ کے آغاز میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے۔

اوپنر بلے بازاحمد شہزاد اور کمار سنگا کارا میدان میں آئے تو ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور کو بڑے ٹوٹل کی جانب لے گئے۔

سلطانز کی پہلی وکٹ 88 کے مجموعی اسکور پر گری جب احمد شہزاد 38 رنز بنا کر مستفیظ الرحمن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

ملتان کی جانب سے آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی صہیب مقصود تھے۔ صہیب چار رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند کا شکارہوئے۔

تیسرے کھلاڑی سنگاکارا مستفیظ الرحمن کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ سنگاکارا نے تین چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 44 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 63 رنز بنائے اور ٹاپ اسکورر رہے۔

https://twitter.com/iPakistaniLAD/status/967116956766818304

کیرن پولارڈ بغیر کھاتہ کھولے رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ شعیب ملک نصف سنچری سے دو قدم کے فاصلے پر ہمت ہار گئے۔ سلطانز کے کپتان نے تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے48 رنز بنائے اور رن آؤٹ ہوئے۔

ڈیرن براوو نو اور سہیل تنویر ایک رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

قلندرز کی جانب سے جارح مزاج بلے باز فخر زمان اور سنیل نارائن میدان میں آئے تو پہلی وکٹ کی شراکت میں 32 رنز بنائے۔

اوپنر سنیل نارائن 26 کے انفرادی اسکور پر محمد عرفان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ سنیل نے ایک چھکا اور دو چوکے اپنے ریکارڈ میں لکھوائے۔

کپتان برینڈن میکلم پانچ بالز کھیل کر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

فخر زمان نے ذمہ دارانہ انداز میں کھیل آگے بڑھایا لیکن نصف سنچری سے ایک قدم دوری پر کیرن پولارڈ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ فخر نے 30  بالز کھیل کر 49 رنز بنائے۔

سلطانز کی جانب سے فخر زمان ٹاپ اسکورر رہے۔

جنید خان اور عمران طاہر نے تین تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

جنید نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 17ویں اوور میں ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ انہوں نے تین گیندوں پر لگاتار یاسر شاہ، ڈیلپورٹ اور رضا حسن کو میدان سے چلتا کیا۔

جنید خان پی ایس ایل میں ہیٹ ٹرک مکمل کرنے والے دوسرے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔

اس سے پہلے کراچی کنگز کے محمد عامر بھی ہیٹ ٹرک مکمل کر چکے ہیں۔

محمد عامر نے 2016 میں لاہور قلندرز کے خلاف کھیلے گئے  میچ میں  ڈیوین براوو، زوہیب بنگش اور پھر کیون کوپر کو آؤٹ کر کے پاکستان سپر لیگ کی پہلی ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

اس سے قبل پشاور زلمی کے خلاف کھیلے گئے افتتاحی میچ میں بھی ملتان سلطانز نے  7 وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی۔


متعلقہ خبریں