پاک افغان سرحد پر دہشتگردی، پاک فوج کے 4 جوان شہید

دہشتگردوں کا سیکیورٹی فورسز حملہ، ایک فوجی جوان شہید، 7 زخمی

راولپنڈی: پاک افغان سرحد پر دہشتگردی کے  2 مختلف واقعات میں پاک فوج کے 4 جوان شہید جبکہ 2 دہشتگرد ہلاک  ہوگئے ہیں۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردی کے واقعات  شمالی وزیرستان اور دیر میں پیش آئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردی کا پہلا واقعہ اس وقت پیش آیا جب شمالی وزیرستان میں معمول کی گشت پر مامور فوجی دستے پردہشتگردوں  نے فائرنگ کی ۔

پاک فوج کے جوانوں پر فائرنگ سپن وام کے قریب ابا خیل کے علاقے میں گزشتہ رات کی گئی جس کے نتیجے میں  23 سالہ سپاہی اخترحسین جام شہادت نوش کر گیا۔ سپاہی اختر حسین کا تعلق بلتستان سے تھا۔  پاکستانی فورسز کی  طرف سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد  بھی ہلاک ہوئے۔

دہشتگردی کا دوسرا واقعہ اس وقت پیش آیا جب  دیر میں سرحد پرباڑ لگانے میں مصروف فوجی جوانوں پرسرحد پار سے دہشتگردوں کی طرف سے فائرنگ کی گئی جسکے نتیجے میں 3 فوجی جوان شہید اورایک زخمی ہوگیا۔

دیر میں پیش آنے والے واقعے میں  شہید ہونے والے لانس نائیک امین آفریدی کا تعلق ضلع خیبر سے تھا اور اس کی  عمر28 سال تھی۔ اسی واقعے میں شہید لانس نائیک محمد شعیب کی عمر31 سال اور اسکا تعلق مانسہرہ سے تھا۔ نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے 22 سال کے سپاہی کاشف علی بھی دیر کے واقعے میں  شہید ہوئے۔

واضح رہے کہ رواں سال 27جولائی کو بھی  شمالی وزیرستان میں افغانستان سے دہشتگردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے 6 جوان شہید ہو گئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سرحد پرپٹرولنگ کرنے والے پاک فوج کے دستے پرسرحد پار سے حملہ کیا گیا۔

پاک فوج کا دستہ شمالی وزیرستان کے قریب گرباز کے علاقے میں سرحد کی نگرانی پر مامور تھا، شہدا میں حوالدار خالد، سپاہی نوید، سپاہی بچل، سپاہی علی رضا، سپاہی محمد بابر اور سپاہی احسن شامل ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاک افغان سرحد پر 6 اور بلوچستان میں 4 فوجی جوان شہید ہو گئے ہیں، یہ قربانیاں پاکستان کی طرف سے خطے میں امن قائم کرنے کے لیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں کوششوں کے بعد سیکیورٹی صورتحال بہتر ہو گئی ہے، اب تمام توجہ سرحدوں کو محفوظ بنانے پر ہے۔

میجر جنرل آصف غفور نے مزید کہا کہ دشمن قوتیں بلوچستان کوغیرمستحکم کرنے کی کوشش کررہی ہیں، انشااللہ ان کی کوششیں ناکام ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیے: افغانستان سےدہشتگردوں کی فائرنگ، پاک فوج کے 6 جوان شہید


متعلقہ خبریں